زرداری کے گرد گھیرا تنگ، علیم خان 8، چودھری برادران 16 اگست کو نیب طلب
لاہور (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ+ اپنے نامہ نگار سے) نیب لاہور نے تحریک انصاف کے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے فیورٹ امیدوار عبدالعلیم خان کو آٹھ اگست کو طلب کر لیا، انہیں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں جمع کرائے گئے کاغذات میں موجود تضاد پر طلب کیا گیا ہے۔ مزید براں نیب لاہور نے چودھری برادران کو 16 اگست کو طلب کر لیا۔ چودھری برادران کو بھی آمدن سے زائد اثاثوں پر طلب کیا گیا۔ اپنے نامہ نگار سے کے مطابق احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت کی اور فواد حسن فواد کا میڈیکل بورڈ بنانے کے معاملے پر نیب کے پراسیکیوٹر نہ ہونے پر کارروائی 4اگست تک ملتوی کر دی۔ نیب نے میڈیکل بورڈ کے حوالے سے جواب داخل کروا دیا۔ جواب میں کہا گیا فواد حسن فواد کا میڈیکل بورڈ بنانے کی ضرورت نہیں۔ نیب کا اپنا ڈاکٹر گرفتار ملزموں کا میڈیکل چیک اپ کرتا ہے۔ فواد حسن فواد کا شیخ زائد ہسپتال سے میڈیکل کروایا اور وہ صحت مند ہیں۔ فواد حسن فواد کا باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ ہوتا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بدعنوانی میں ملوث مبینہ ملزموں کی گرفتاری کے لئے بنائی پالیسی کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین نیب نے کہا ملزموں کی گرفتاری کے لئے کسی امتیازی پالیسی پر یقین نہیں رکھتا۔ ٹھوس شواہد، قانون کے مطابق مبینہ ملزموں کی گرفتاری عمل میں لائی جاتی ہے۔ نیب ملزم سے رہائشی بنیادوں پر ٹھوس شواہد، قانون کے مطابق تحقیقات کرتا ہے۔ ملزم کو تحقیقات سے پہلے اور اس کے دوران صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ نیب بڑے بڑے میگا سکینڈلز کی تحقیقات کو ترجیح دے رہا ہے۔ مبینہ طور پر ملوث بڑی مچھلیوں پر قانون کے مطابق ہاتھ ڈالا جائے گا۔ نیب گرفتار ملزم کے خلاف 40 دنوں میں ریفرنس قانون کے مطابق دائر کرے گا۔ مزید برآں نیب نے بلوچستان ہائی کورٹ اور خالد لونگو اور مشتاق رئیسانی کی ضمانت کے معاملے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ سے فیصلے کی کاپی ملنے کے بعد اپیل دائر کی جائے گی۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے نیب کی طرف سے دائر کرپشن کیس میں دونوں کی ضمانت لی۔این این آئی کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف گھیرا تنگ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نے کے ڈی اے کے دفتر میں چھاپہ مارکر اہم ریکارڈ اور فائلیں قبضے میں لے لی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے نیب کی ٹیم نے کے ڈی اے آفس سے 8 پلاٹوں کی فائلیں قبضے میں لیں۔ یہ پلاٹ سابق صدر آصف علی زرداری نے مختلف ناموں پر غیر قانونی طور پر الاٹ کرا رکھے ہیں۔ ان پلاٹوں کی مالیت اربوں روپے بتائی جاتی ہے۔ کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق یہ پلاٹ سابق وزیر بلدیات اویس مظفر ٹپی نے الاٹ کرائے تھے۔