• news

دوبارہ گنتی‘رکوانے کیلئے ایاز صادق کی درخواست منظور، اکرم درانی، اعجاز شاہ پھر کامیاب این اے 90، 91،140 کیلئے درخواستیں

لاہور/ ننکانہ/ بنوں (اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار+ ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے سردار ایاز صادق کی این اے 129 کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہ کرنے کی درخواست ریٹرننگ آفیسر نے قبول کر لی جس کے بعد گنتی کا عمل روک دیا گیا۔ دوسری جانب لاہور کے ریٹرننگ افسران نے سرکاری رزلٹ صوبائی الیکشن کمیشن میں جمع کروا دیا۔ تمام آر اوز نے فارم 45 بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا۔ آن لائن کے مطابق این اے57راولپنڈی i (مری)کے ریٹرننگ افسرحیدر علی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار صداقت عباسی کو کامیاب قرار دے دیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پی کے 40 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں ایم ایم اے کے امیدوار اکرم خان درانی کی جیت برقرار رہی۔ دوسری طرف ننکانہ صاحب کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 118 میں دوبارہ گنتی میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ 63918 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہو گئے۔ قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 91 اور این اے 71کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ این اے 91 کے لئے تحریک انصاف کے ناکام امیدوار عامر سلطان چیمہ اور این اے 71 گجرات کے لئے تحریک انصاف کے ناکام امیدوار الیاس چوہدری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق این اے 140 قصور سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا محمد حیات نے بھی دوبارہ گنتی کرانے کے لئے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔

ای پیپر-دی نیشن