انٹربنک، ڈالر 86 پیسے سستا، اوپن مارکیٹ میں ایک روپے مہنگا‘ سونے کی قیمت 950 روپے تولہ بڑھ کر 55460 ہو گئی
لاہور/ کراچی (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 86 پیسے سستا ہو گیا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ایک روپیہ مہنگا ہو کر 123 روپے کا بکنے لگا۔ انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی بے قدری کا سلسلہ جاری رہا۔ ٹریڈنگ کے دوران ڈالر تقریباً تین روپے کی کمی سے 122 روپے 80 پیسے کا بھی فروخت ہوا تاہم اسٹیٹ بینک کے مطابق کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 86 پیسے کی کمی سے 124 روپے 18 پیسے رہی لیکن اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت ایک روپے کے اضافے سے 123 روپے ہو گئی۔ انٹر بینک مارکیٹ میں برطانوی پونڈ کی قیمت 70 پیسے کی کمی سے 163 روپے 36 پیسے اور یورو کی 46 پیسے کی کمی سے 145 روپے 61 پیسے ہو گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں برطانوی پونڈ کی قیمت 5 روپے کے اضافے سے 157 روپے تک پہنچ گئی جبکہ یورو کی قیمت 142 روپے پر مستحکم رہی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ میں فرق بہت زیادہ ہونے کے باعث اوپن مارکیٹ میں ڈالر تھوڑا مہنگا ہوا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 950 روپے کا اضافہ ہوا۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 55450 روپے ہو گئی۔ دس گرام سونے کی قیمت 815 روپے اضافے سے 47540 روپے ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 3 ڈالر کمی سے 1221 ڈالر فی اونس ہو گئی۔