• news

ماسکو، وائس ایڈمرل کلیم شوکت کی روسی بحریہ کے کمانڈر انچیف سے ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) روس کے دورہ پر گئے ہوئے پاک بحریہ کے وائس چیف آف نیول سٹاف ، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے روسی بحریہ کے کمانڈراِن چیف ایڈمرل ولادیمیرایوانو ِچ کورولیو سے روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں واقع سنٹرل نیول میوزیم میں ملاقات کی۔ جس کے دوران پیشہ وارانہ اُمور، دوطرفہ بحری اشتراک اور بحرِہند کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے بحرہند میں امن و استحکام کے قیام کو یقینی بنانے میں حکومت ِ پاکستان کی پالیسیوں کے تناظر میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم و کارکردگی بشمول علاقے کی میری ٹائم سکیورٹی میں پاکستان نیوی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ رشین فیڈریشن نیوی کے کمانڈراِن چیف نے خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا۔ ملاقات کے بعد ایک اہم تقریب کا انعقاد ہوا جس میں وائس چیف آف نیول سٹاف اوررشین فیڈریشن نیوی کے کمانڈراِن چیف نے بحری شعبے میں باہمی تعاون کی مفاہمتی یاداشت پرد ستخط کئے۔بحری تعاون کی اس مفاہمتی یادداشت کے کامیاب اختتام کو سراہتے ہوئے دونوں شخصیات نے اس امر کا اظہار کیا کہ یہ مفاہمتی یادداشت دونوں ممالک کے درمیان موجود باہمی بحری اشتراک میں مزید میں اضافے کا باعث ہوگی۔ دورے کے دوران، وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے نیول شپ یارڈ اور رشین نیوی کے فریگیٹ ایڈمرل ماکاروو کا دورہ کرنے کے ساتھ سا تھ ر شین فیڈریشن نیوی ڈے کے موقع پر منعقدہ نیول پریڈ میں بھی شرکت کی۔ قبل ازیں، سینٹ پیٹرز برگ بندرگاہ دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہاز اصلت کی طرف سے جہاز پر ایک ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس میںغیر ملکی اور مقامی شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان اور روس کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں۔پاکستا ن اور روس کی مضبوط شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور تعاون میں اہم کردار ادا کرنے کا باعث بنے گا۔وائس چیف آف نیول اسٹاف کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان اشتراک میں وسعت اور اضافے کا باعث ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن