عوام کو مایوس نہیں چھوڑ سکتے‘ اپوزیشن کو حلف اٹھانے‘ جمہوریت کے لئے لڑنے پر قائل کر لیا: بلاول
کراچی (سٹاف رپورٹر) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اور پارلیمان کو مضبوط بنانے کے لئے جدوجہد کی ہے، پیپلز پارٹی اپنے نظریے کو فروغ کے لئے پارلیمان کا فورم استعمال کرے گی۔ وہ بلاول ہاؤس میں پیپلزپارٹی کے نومنتخب ارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکلات اور دھاندلی کے باوجود پیپلز پارٹی نے 2013ء کے مقابلے میں 2018ء کے انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کچھ اپوزیشن جماعتوں نے نئی پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کرنے کی تجویز دی تھی، لیکن ہم نے انہیں ایسا نہ کرنے پر قائل کرلیا۔ پیپلزپارٹی نے انہیں پارلیمان میں شامل ہونے اور جمہوریت کے لئے لڑنے پر قائل کیا، یہ جمہوری سوچ کی کامیابی ہے، گو ہمیں انتخابی عمل پر تحفظات ہیں۔ ہمیں سندھ میں کارگردگی مزید بہتر بنانے اور عوامی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے مسائل حل کرنے پر زیادہ توجہ دینا ہوگی کیونکہ ہم ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں اچھی حکمرانی اور بہتر کارکردگی نئی صوبائی حکومت کا طرہ امتیاز ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا، "ہم اس عوام کو مایوس نہیں چھوڑ سکتے جنہوں نے ہمیں پارلیمنٹ میں بھیجا ہے، بین الاقوامی اور اقتصادی محاذ پر ہمیں بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں انتہائی اہم مسائل پر اتنی توجہ نہیں دیتیں جتنی پیپلزپارٹی کا منشور اسے اہمیت دینے اور انہیں حل کرنے پر زور دیتا ہے۔ پنجاب میں ڈٹ کر اپوزیشن کریں گے۔ جنوبی پنجاب کا صوبہ کوئی کٹھ پتلی نہیں پیپلزپارٹی ہی بنا سکتی ہے۔ ہم کسی کی غیرمشروط حمایت نہیں کریں گے۔ہماری حمایت اور مخالفت عوامی مسائل کی بنیاد پر ہو گی۔