شیخوپورہ: والدہ کی دوائی لینے جانے والے نوجوان کو پولیس موبائل نے ٹکر مار کر ہلاک کر دیا‘ ورثا کا احتجاج
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت + نمائندہ خصوصی) پولیس نے والدہ کی دوا لینے کیلئے جانیوالے نوجوان طالب علم کو نہ رکنے پر تعاقب کرکے سرکاری گاڑی سے ٹکر مار کر ہلاک کردیا جس کے خلاف ورثاء نے چوک بہار شاہ میں ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے طالب علم کی نعش کو بھی چوک میں رکھ دیا تاہم اعلیٰ پولیس حکام کی طرف سے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کے مقدمہ کے اندراج کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج روک دیا۔ محلہ رحمان پورہ کا محمد شاہ زیب گزشتہ رات اڑھائی بجے کے قریب اپنی بیمار والدہ کی طبیعت بگڑنے پر موٹر سائیکل لیکر گھر سے دوا لینے کیلئے نکلا۔ راستہ میں تھانہ سٹی بی ڈویژن کے اے ایس آئی نوید ڈوگر نے طالب علم کو روکا مگر وہ جلدی میں پولیس وین سے آگے گزر گیا جس پر پولیس کی گاڑی نے تعاقب کرکے بتی چوک میں طالب علم کی موٹر سائیکل کو پیچھے سے زور دار ٹکر دے ماری اور وہ موٹر سائیکل سمیت بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا ، پولیس اس کی نعش چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئی۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی تاہم اس میں ملوث کسی اہلکار کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ نوجوان کو نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔