واشنگٹن:امریکی دفاعی بل میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا ذکر غائب
واشنگٹن(آن لائن) امریکی کانگریس میں پاس ہونے والے نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ (این ڈی اے اے) 2019 میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کو دی جانے والی سیکیورٹی امداد کی مد میں مستقبل میں دی جانے والی ادائیگیوں کا ذکر نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان اور سینٹ میں گزشتہ ہفتے منظور ہونے والا بل اب دستخط کے لیے ٹرمپ کے پاس بھیجا جائے گا، جس کے بعد یہ قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔اس بل میں حقانی نیٹ ورک سے متعلق صرف ایک حوالہ دیا گیا ہے جبکہ امریکا کہ جانب سے یہ دعویٰ کیا جاتا رہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں اپنی محفوظ پناہ گاہوں سے افغانستان میں حملے کرتا ہے، تاہم اسلام آباد نے ہمیشہ ان دعووں کو مسترد کیا ہے۔اس بل میں عسکریت پسندوں کے خلاف اپنے علاقے کا دفاع کرنے کے لیے افغان سکیورٹی فورسز کی صلاحیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے حقانی نیٹ ورک کا ذکر کیا گیا ہے۔کانفرنس رپورٹ کہلائی جانے والی اس دستاویز میں پاکستان سے متعلق 19 حوالے دیے گیے ہیں اور یہ رپورٹ امریکی کانگریس کے چیمبرز کا مشترکہ ورژن ہے۔