دوستی کا دعویدار ایران ہمارا دْشمن ہے: افغان فوجی عہدیدار
دبئی(آن لائن)افغان فوج کے ایک سینیرعہدیدار نے ایران پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اس پر دہرے معیار پرچلنے اور دوستی کی آڑ میں افغانستان سے دشمنی کا الزام عائد کیا ہے۔افغان فوج کے بریگیڈ’207 ظفر‘ کے کمانڈر جنرل نوراللہ قادری نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایران مسلسل ہمارے ملک کے اندر مداخلت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مداخلت کی وجہ سے جنوب مشرقی صوبے فراہ کا امن تباہ وبرباد ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کے وسط میں افغان پولیس کے چیف فضل احمد شیرزاد نے ایک پریس کانفرنس میں ایران پر طالبان کو اسلحہ اور جنگی سازو سامان فراہم کرنے کا الزام عاید کیا تھا۔فارسی زبان کی ویب سائیٹ ’سلام نیوز‘ کے مطابق جنرل قادری نے کہا کہ کابل کے حوالے سے ایران دوغلی پالیسی پرعمل پیرا ہے۔ وہ ایک طرف افغان قوم سے دوستی کا ڈھونگ رچاتا ہے اور دوسری طرف وہ دوستی کی آڑ میں دشمنی کا مرتکب ہے۔افغان فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب کہ ہم بیرونی دشمنوں کی سازشوں سے نبرد آزما ہیں۔ ہم ایران کو بھی دوست سمجھتے تھے مگر ایران ہم سے دشمنی کا مرتکب ہے۔قبل ازیں ہفتے کو افغان رکن پارلیمنٹ کرام الدین رضا زادہ نے انکشاف کیا تھا کہ ایرانی حکومت افغان طالبان کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کررہی ہے۔