بجلی کا بڑا بریک ڈاﺅن : بند روڈ مین ٹرانسمشن لائن ٹوٹنے سے لاہور کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے
لاہور (کامرس رپورٹر)نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے بند روڈ سرکٹ کی مین ٹرانسمشن لائن ٹوٹنے کے باعث لاہور کے بیشتر علاقے کئی گھنٹوں تاریکی میں ڈوبے رہے۔ ذرائع کے مطابق ریواز گارڈن ،گلشن راوی ،سیدپور اور بھاٹی گرڈ سٹیشن سمیت دیگر گرڈ سٹیشن بند ہو گئے ذرائع نے بتایا کہ بجلی کی بحالی میں کچھ گھنٹے لگیں گے تاہم رات گئے لیسکو نے خرابی دور کرکے بعض علاقوں میں بجلی بحال کردی۔بجلی کی گھنٹو ں بندش سے پانی قلت کی بھی پےدا ہوگئی جس سے شہری بلبلا اٹھے۔شدےد گرمی اورحبس مےں لوگوں کا بر احال ہوگےا جبکہ ہسپتالوں میں بھی بجلی کی بند ش کے باعث مرےضوں کو بھی شدےد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق 220 کے وی شیخوپورہ بند روڈ گریڈ سٹیشن ٹرانسمیشن لائن پر خرابی کی وجہ سے بند روڈ گرڈ سٹیشن پر”بس بار“ میں خرابی پیدا ہوئی۔ این ٹی ڈی سی ٹیموں نے نقص دور کر دیا‘ بعض علاقوں میں بجلی بحال جبکہ لیسکو کوفراہمی بھی شروع کردی۔ دریں اثناءصوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں گزشتہ روزبھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ حبس کی شدت کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ کا رجحان۔ لیسکو سمیت دیگر ڈسکوز کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا زیادہ بوجھ دیہی اور چھوٹے علاقوں پر ہی ڈالا جا رہا ہے۔ بعض علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ بھی کی جانے لگی۔ شہروں میں رات کے وقت بھی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ دیہی علاقوں میں رات کے وقت بھی ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی‘ علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی۔ شہروں میں گزشتہ روز آٹھ سے نو گھنٹے جبکہ دیہی و چھوٹے علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ لیسکو سمیت تمام ڈسکوز کو ایک ہزار سے زائد میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لاہور/تاریکی