نوزائیدہ بچوں کوپیدائش کے فوری بعد ماں کا دودھ پلایا جائے: عالمی ادارہ صحت
جنیوا(اے پی پی) عالمی ادارہ صحت کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نوزائیدہ بچوں کو بیمار ہونے کے خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے پیدائش کے فوری بعد ماں کا دودھ پلایا جائے۔عالمی ادارہ صحت جاری رپورٹ میں 76 انتہائی ترقی یافتہ ملکوں میں ماں کے دودھ اور نوزائیدہ بچوں کے زندہ رہنے کی شرح کے مابین نسبت کے جائزے کا حوالہ دیا گیا ۔ رپورٹ میں ایک لاکھ 30 ہزار بچوں پر لیے گئے 5 جائزوں کے نتائج کا احاطہ کیا گیا ۔رپورٹ کے مطابق، پیدائش کے ایک گھنٹے کے اندر ماں کا دودھ پلائے جانے والے بچوں کی نسبت پیدائش کے دو گھنٹے سے زائد وقت بعد ماں کا دودھ پلائے جانے والے بچوں میں مرنے کا امکان 1.3 گنا زیادہ ہوتا ہے۔ دیر سے ماں کا دودھ پلائے جانے والے بچوں کو انفیکشن اور دیگر بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔