فیس بک نے امریکی وسط مدتی انتخابات کو ’متاثر‘ کرنے والے 32 اکاؤنٹس بند کر دیئے
لند ن(آن لائن)سوشل میڈیا کی معروف کمپنی فیس بک نے کہا کہ اس نے نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کو ممکنہ طور پر متاثر کرنے والے 32 مشتبہ اکاؤنٹس اور صفحات کو اپنی سائٹ سے ہٹا دیا۔فیس بک نے کہا کہ اس نے جانچ کے 'ابتدائی' مراحل میں ایسا کیا اور انہیں اس کا علم نہیں کہ اکاؤنٹس کے پس پشت کون لوگ ہیں۔اس نے یہ بھی کہا کہ 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے مقابلے میں ان اکاؤنٹس کے بنانے والوں نے اپنی شناخت کو چھپانے کی کافی کوشش کی اور بہت سارے اکاؤنٹس بنارکھے ہیں۔
اس نے انتخابات میں مداخلت کی کوششوں کو 'ہتھیاروں کے مقابلے' سے تعبیر کیا ہے۔سماجی نیٹ ورکنگ سائٹ نے اپنے بلاگ میں کہا کہ انہیں فیس بک پر 17 اور انسٹا گرام پر سات مشتبہ اکاؤنٹس ملے۔بلاگ میں بتایا گیا کہ ان اکاؤنٹس سے ساڑھے نو ہزار سے زائد فیس بک پوسٹ کی گئی ہیں اور اسی قسم کے مواد انسٹا گرام پر بھی ہے۔فیس بک نے یہ بھی بتایا کہ ان میں سے ایک صفحے کو دو لاکھ 90 ہزار سے زیادہ اکاؤنٹس فالو کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا سائٹ نے کہا کہ فیس بک اور انسٹا گرام پر بنائے جانے والے ان مشتبہ اکاؤنٹس پر تقریبا ڈیڑھ سو اشتہارات چلائے جا رہے تھے جن کا کل صرفہ 11 ہزار ڈالر ہے۔سب سے زیادہ مقبول اکاؤنٹس میں 'ازالٹن وائریئرز'، 'بلیک ایلیویشن'، 'مائنڈفل بیئنگ'، 'ریزسٹرز' نامی اکاؤنٹس شامل تھے۔روس میں قائم انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی (آئی آر اے) نے جس طرح پہلے احتیاطی اقدام کیے تھے اس کے مقابلے میں ان اکاؤنٹس کے بنانے والوں نے احتیاط سے کام لیا ہے۔مثال کے طور پر انھوں نے اپنے علاقے کی شناخت چھپانے کے لیے ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورکس (وی پی این ایس) کا سہارا لیا اور اپنا اشتہار چلانے کے لیے تیسرے فریق کا سہارا لیا ہے۔