عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد رنگ لے آئی: ڈاکٹر سیمی بخاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف رہنما ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہاہے کہ این اے 131کی عوام نے لاہور سے چیئرمین عمران خان کو کامیاب کروا کر سعد رفیق کو کلین بولڈ کر دیا ہے اور ثابت کردیا ہے کہ لاہور اب تحریک انصاف کا قلعہ ہے‘ نئے پاکستان کی طرح حلقہ NA-131 میں بھی تبدیلی نظر آئے گی۔ گزشتہ روز ڈاکٹر سیمی بخاری نے کماہاں گاؤں میں عمران خان کی جیت کی خوشی میں خواتین کارکنان میں مٹھائی تقسیم کی اور علاقے کی مستحق خواتین میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں۔ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی بخاری نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کی ملک بھر سے کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ عمران خان کی 22سالہ جدوجہد اور محنت رنگ لے آئی ہے عوام اور ووٹ کی طاقت میں تحریک انصاف کو ملک کی سب بڑی اور مقبول ترین سیاسی جماعت بنا دیا ہے۔ تحریک انصاف پنجاب‘ سندھ‘ خیبر پی کے اور بلوچستان سمیت کروڑوں عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے۔ عمران خان نے روایتی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے اور وقت ثابت کرے گا کہ عوام کا فیصلہ بالکل درست ہے‘ انہوں نے جس لیڈر کا انتخاب کیا ہے کہ وہ محب وطن‘ پڑھا لکھا‘ ایماندار اورعوام کی امنگوں کا حقیقی ترجمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ایماندار اور صاف ستھری قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔