• news

پاکستان ہاکی کو بچانے کیلئے شہباز سینئرسے جان چھڑانا ہوگی : حنیف خان

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) اولمپین حنیف خان نے کہا ہے کہ شہباز سینئر نے پاکستان ہاکی ٹیم اور پی ایچ ایف میں بدترین سیاست کو متعارف کرایا ہاکی کو بچانا ہے تو شہباز سینئر سے جان چھڑانا ہوگی قومی کھیل کی باگ ڈور ایماندار ہاتھوں میں دینی ہوگی۔ اس ضمن میں سب سے بہترین نام سمیع اللہ کا ہے جنہیں فیڈریشن کے معاملات سونپ کر ہاکی کے کھیل کو مذید تباہی سے بچایا جاسکتا ہے۔ سمیع اللہ پاکستان ہاکی کے معاملات پر گہری نگاہ رکھتے ہیں، قومی کھیل کی بہتری کے لئے باشعور،سنجیدہ اورمخلص لوگوں کا تقرر ہونا چاہئے۔ میں سمجھتا ہوں کہ سمیع اللہ میں یہ سب خوبیاں بدرجہ اتم موجود ہیں اور مجھے کامل یقین ہے کہ وہ شائقین ہاکی کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ سمیع اللہ نے سندھ میں کھلاڑیوں کی ترقی کے کئے بہت کام کیا۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے کھلاڑیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیئے کئی ڈیپارٹمنٹس میں کھلاڑیوں کو نورکریاں دلائیں اگر اس جیسے وژن والی شخصیت کو پاکستان ہاکی فیڈریشن میں شامل کیا جائے تو قومی کھیل کی بہتری ضرور ہوگی۔ شہباز سینئر بطور سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات چلانے میں ناکام رہے جسکی بنیادی وجہ اقرباءپروری اورلالچ تھا۔ سمیع اللہ نے لالچ کی بنیاد پر کوئی عہدہ قبول نہیں کیا۔وہ مخلص اور ایماندار شخصیت ہیں اورانکو فی الفور پی ایچ ایف کے انتظامی عہدہ پر فائز کرنا چاہیئے۔ شہباز سینئر اور سمیع اللہ میں بہت بڑا فرق ہاکی وژن کا ہے۔شہباز سینئر نے پاکستان ہاکی ٹیم اور پی ایچ ایف میں بدترین سیاست کو متعارف کرایا۔
سمیع اللہ ان سے ہزاروں درجہ بہتر ہیں۔ امید ہے کہ وہ پاکستان ہاکی کے معاملات کو بہتر انداز میں سنبھالیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن