ملتان: ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے نومولود بچہ جاں بحق‘ لواحقین کا احتجاج
ملتان (صباح نیوز)ملتان میں چلڈرن کمپلیکس ہسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت سے تین دن قبل پیدا ہونیوالا بچہ جاں بحق ہوگیا، ورثا ء کی طرف سے ننھے پھول کی نعش کو ایمرجنسی کے باہر رکھ کر ڈاکٹرز کے خلاف احتجاج کیاگیا ۔ شاہد کے ہاں تین روز قبل بیٹے کی ولادت ہوئی تھی۔
جسے سانس لینے میں مسئلہ درپیش ہوا تو ننھے پھول کو چلڈرن کمپلیکس ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا، بچے کے ورثا ء کے مطابق ڈاکٹرز کی غفلت کے سبب ان کا بچہ جان کی بازی ہار گیا کیونکہ بچے کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی لیکن ڈاکٹروں نے اس کا علا ج درست نہیں کیا۔لواحقین نے بچے کی نعش کو ایمرجنسی کے سامنے رکھ کر ہسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیااور مطالبہ کیا کہ بچے کی موت میں ملوث ڈاکٹرز کو برطرف کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔