اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپیہ کم، سونا 400 روپے سستا
لاہور (کامرس رپورٹر+ آئی این پی) ڈالر کی قیمت گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ایک روپے کم ہوئی جبکہ انٹربنک مارکیٹ میں صرف ایک پیسہ سستا ہوا تاہم اوپن مارکیٹ میں برطانوی پونڈ کی قیمت بڑھ گئی۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 124 روپے سے کم ہو کر 123 روپے رہ گئی، یورو 142 روپے پر مستحکم رہا لیکن برطانوی پونڈ کی قیمت 2 روپے کے اضافے سے 162 روپے ہو گئی ۔سٹیٹ بنک کے مطابق ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 124 روپے 4 پیسے رہی،برطانوی پونڈ 84 پیسے سستا ہو کر 161 روپے 32 پیسے اور یورو 42 پیسے سستا ہو کر 143 روپے 56 پیسے کا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مارکیٹ میں سپلائی ڈیمانڈ سے زیادہ ہونے کی وجہ سے روپے کی قیمت بہتر ہوئی ہے اگر حکومت نے خود روپے کی قدر کم نہ کی تو مارکیٹ میں استحکام رہنے کا ہی امکان ہے۔ علاوہ ازیںعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونا 400روپے فی تولہ سستا ہو گیا۔ فی اونس سونے کی قیمت 8 ڈالرکی کمی سے 1215ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 400 اور343 روپے کی کمی ہوئی۔کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 55ہزار 600اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر47ہزار 668روپے ہوگئی۔اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے720 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت 617.28 روپے پر مستحکم رہی ہے۔
ڈالر/سونا