عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا:رانا وحید
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی سینئر نائب صدر و ٹکٹ ہولڈر حلقہ پی پی 143رانا وحید احمد خاں نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہوگا، معیشت مضبوط اور بیرونی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوگا، عمران خان نے کفایت شعاری اور سادگی کا جو پیغام دیا ہے اس سے انکی فہم و فراست اور قابلیت کا اندازہ ہوتا ہے آج تک کسی حکمران نے بھی ایسا پیغام نہیں دیا جو عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں دیا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا وحید احمد خاں نے کہا کہ عمران خان کے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے نعرے سے قوم متفق ہے وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز پاکستان ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا اور بیرونی دنیا ملکی ترقی کی مثالیں دے گی، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وسیع تر ملکی مفاد کی خاطر اپنے تمام تر گروہی فروعی اورمذہبی و لسانی اختلافات ، تنازعات اور خرافات کو ترک کرکے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کی خاطر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔