• news

پاکستان ہاکی فیڈریشن ، ٹیم پر تنقید کے بجائے سپورٹ کیا جائے : سابق اولمپیئنز

لاہور(نمائندہ سپورٹس )قومی کھیل کے سابق ہیروزنے کہاہے کہ ہاکی فیڈریشن کے درست اقدامات کی وجہ سے پاکستان نے اولمپک چیمپئن ارجنٹائن کو ہرایا،اب ایشین چیمپئن بن کراولمپک ایونٹ کیلئے کوالیفائی کیلئے فیورٹ ہے،فیڈریشن اور ٹیم پر تنقید کے بجائے اسے سپورٹ کیا جائے۔پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتانوں اور اولمپئنز و انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے کراچی میں پریس کانفرنس کی۔ ان کاکہناتھاکہ پاکستان ٹیم درست سمت میں لیجایاجارہاہے۔ کامن ویلتھ گیمز میں ناقابل شکست رہنے والی ٹیم کو ایشین چیمپئن بننے کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔نازک صورتحال میں ٹیم یا فیڈریشن پر تنقید کرنے کے بجائے انہیں سپورٹ کرنا چاہیے۔قومی ٹیم آئندہ ہفتے انڈونیشیا جائے گی جہاں اسے ایشین گیمز میں شرکت کرنا ہے۔ایسے میں ٹیم یا فیڈریشن پر تنقید کرکے ان کے فوکس کو خراب کیا جائے گا جس کا براہ راست اثر کھیل پر پڑے گا اور اس بلا وجہ کی تنقید سے کہیں ہمارے ہاتھ سے ایشین چیمپئن بن کر اولمپک کوالیفائی کرنے کا سنہری موقع ہاتھ سے نہ نکل جائے۔قومی ہیروزکاکہناتھاکہ ڈیلی الاؤنس کے معاملے میں کھلاڑیوں کی پریشانی کو فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئرخالد سجاد کھوکھر نے فوری طور پر دور کرنے کی یقین دہانی کروائی جو خوش آئند ہے۔ان کامزید کہنا تھا کہ فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد نے کوششیں کرکے دنیا کا ٹاپ کوچ رولنٹ اولٹومنزکی خدمات لیں جس نے پاکستان ٹیم کو مضبوط بنایا ہے اور اب وہ بڑی کامیابی کے دروازے پر دستک دے رہی ہے۔ سابق اولمپئنز و کھلاڑی تنقید کے بجائے ٹیم کی سپورٹ کیلئے ہماری طرح سامنے آئیں۔انھوں نے واضح کیا کہ وہ نیوٹرل حیثیت سے کھیل کی بہتری کیلئے میدان میں آئے ہیں۔قومی کھیل کا کھویا ہوا وقار پھر سے واپس حاصل کرنے کیلئے ایشین چیمپئن بننا اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔پریس کانفرنس سے سابق کپتان واولمپئن کاشف جواد ، اولمپئن انیس احمد ، اولمپئن ناصراحمد ، انٹرنیشنل ممتاز حیدر ، انٹرنیشنل مبشر مختار سمیت لطافت شاہ نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن