گھنٹے کی تکلیف سے صحت یاب ہوکر جلد بائولنگ شروع کرونگا : رومان رئیس
لاہور (نمائندہ سپورٹس)لیفٹ آرم فاسٹ بائولر رومان رئیس نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہو کر ایک ہفتے میں دوبارہ بائولنگ شروع کردیں گے ۔ گھٹنے پر پلاسٹر باندھنے سے مسلز مضبوط ہوئے ہیں اور تکلیف میں بھی کمی ہوئی ہے ۔ رومان رئیس چھ ماہ قبل پاکستان سپر لیگ میچ کے دوران ان فٹ ہوئے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پلاسٹر چڑھانے سے گھٹنہ مڑنہیں سکتا ۔ گھٹنے کی حرکت ختم ہونے سے مسلز میں مضبوطی ہوئی ہے اور تکلیف میں کمی آئی ہے ۔ ایک ہفتے میں جب ڈاکٹر بائولنگ کرانے کی اجازت دیں گے تو اس وقت نیشنل بنک کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی کی تیاری شروع کروں گا۔ رومان رئیس یونائٹیڈ بنک کے ان کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کو نیشنل بنک نے ملازمت دی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ نیشنل بنک کی جانب سے پورا سیزن کھیلنے کا ارادہ ہے تاکہ اپنی فارم اور فٹنس ثابت کر کے سلیکٹرز کو متاثر کر سکوں عام انتخابات کے موقع پر رومان رئیس نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کی تھی جس میں ان کے پائوں پر پلاسڑ چڑھا ہواہے اور ان کے ہاتھ میں چھڑی تھی ۔ 26سالہ رومان رئیس پاکستان کی جانب سے 9ون ڈے اور 8ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں ۔ وہ فروری کو شارجہ سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے میچ کے دوران اسلام آباد کی جانب سے کھیلتے ہوئے چوکا روکنے کی کوشش کرتے ہوئے گھٹنے پر چوٹ لگا بیٹھے ۔ رومان نے ڈائیو لگانے کی کوشش کی تاہم ان کا گھٹنہ زور سے زمین پر لگا اور وہ گرائونڈ میں ہی درد سے کراہنے لگے ، انہیں فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم بعد ازاں رومان کو سٹریچر پر ڈال کر گرائونڈ سے باہر لے جایا گیا ۔ وہ چھ ماہ سے اپنی فٹنس سے جنگ کر رہے ہیں ۔