• news

ترکی میں آغوش الخدمت کا قیام پاکستانیوں کا شامی یتیم بچوں کے لئے تحفہ ہے: عبدالشکور

لاہور (پ ر) الخدمت فائونڈیشن پاکستان نے ترکی کی معاون سماجی تنظیم حیرات فائونڈیشن کے تعاون سے شامی بارڈر کے قریب ترکی کے شہر غازین تپ میں شامی مہاجر یتیم بچوں کے اقامتی ادارے ’’آغوش الخدمت‘‘ کا افتتاح کردیا۔تقریب الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور، الخدمت کفالت یتامی کے نیشنل ڈائریکٹر شاکر صدیقی، ترکی میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری طاہر محمد اور شامی یتیم بچوں سمیت ترکی کے معتبر شخصیات نے شرکت کی۔ محمد عبدالشکور نے آغوش الخدمت کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم حیرات فائونڈیشن اور اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ آغوش سنٹر میں 50 یتیم شامی بچوں، بچیوں کو قیام و طعام، صحت و تعلیم اور ذہنی و جسمانی نشوونما کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ 50 یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ آغوش الخدمت میں 200 شامی بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ محمد عبدالشکور نے کہا کہ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق شام میں گزشتہ آٹھ سالوں سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے اب تک 60 لاکھ سے زائد شامی بچے متاثر ہوئے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں ترک حکومت کا کردار قابل تحسین ہے جس نے کم و بیش 8 لاکھ شامی بچوں کی فلاح و بہبود اور نشوونما کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔ ترکی میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری طاہر محمد نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن نے اپنے حصے کی شمع جلاتے ہوئے پاکستان کا ایک مثبت پیغام اہل ترکی میں اہل شام تک پہنچایاہے۔

ای پیپر-دی نیشن