• news

معیشت کی صورتحال، آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑ سکتا ہے: اسد عمر

اسلام آباد (اے پی پی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے موجودہ ٹیکس شرح میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، تمام اداروں کے سربراہان کی تقرریاں میرٹ پر کریں گے، اگلے چھ ماہ کے اندر عوام کو تبدیلی اور بہتری نظر آجائے گی، ایل این جی معاہدوں سمیت جس نے بھی معاہدے کئے سب عوام کے سامنے لائے جائیں گے، سوئس بینکوں میں موجود دو سو ارب ڈالرز کے معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی، قوم کا جتنا پیسہ بیرون ملک پڑا ہے، ہم نے ہر حال میں واپس لانا ہے، بد عنوانی کے خاتمہ کے حوالے سے اپنے منشور کے مطابق کام کریں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا معیشت کی موجود صورتحال کی وجہ سے ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑے۔ جن شعبوں پر ٹیکس لاگو ہونا چاہےے ان کو ٹیکس نیٹ میں لے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے حوالے سے ایسا قانون بنائیں گے جس کے تحت وہ ایف بی آر نرغے میں آنے کی بجائے اپنی سہولت کے مطابق ٹیکس جمع کرائے۔ انہوں نے کہا ماضی میں معلومات چھپائی جاتی تھی مگر ہم کوئی چیز قوم سے نہیں چھپائیں گے ، کسی بھی جگہ پر کارکردگی بہتر نہیں ہوگی تو وہ بھی عوام کے سامنے لائیں گے، میں بطور وزیر خزانہ قوم سے کبھی جھوٹ نہیں بولوں گا۔
اسد عمر

ای پیپر-دی نیشن