• news

محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبر پی کے بنائے جانے کا فیصلہ، اعلان آج یا کل متوقع

سوات( فضل خالق خان سے)سواتی عوام کا نعرہ ”اس بار اپنا وزیر اعلیٰ“ پورا ہونے کی امید پیدا ہوگئی، سابق صوبائی وزیر آب پاشی و کھیل محمود خان کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ، آج بروز پیر یا کل منگل کو اعلان متوقع ہے ، ذرائع کے مطابق سوات سے دوسری مرتبہ کلین سویپ یعنی آٹھ صوبائی اور تین قومی سیٹوں کا بھر پور مینڈیٹ ملنے پر تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے اس بار وزارت اعلیٰ کا منصب سوات کو دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے جس کا صرف اعلان کرنا باقی رہ گیا ہے ۔ پارٹی چیئر مین کی جانب سے وزارت اعلیٰ کا شوق رکھنے والے امیدواروں‘ پرویز خٹک، ڈاکٹر حیدر علی سمیت دیگر صوبائی قائدین کو صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ کر قومی اسمبلی کی سیٹ رکھنے کی ہدایت کے بعد دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی اور منظر پر عاطف خان کانام وزارت اعلیٰ کے لئے لیا جانے لگا لیکن بوجوہ وہ اس منصب کے لئے اہل دکھائی نہیں دئیے ، ایسے میں سوات سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی کابینہ کے اہم رکن اور سابق صوبائی وزیر محمود خان پر نظر جاٹھہری جو ہر لحاظ سے اس منصب کےلئے اہل دکھائی دے رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی چیئر مین عمران خان کی محمود خان سے اس حوالے سے ون ٹو ون ملاقات بھی ہوچکی ہے۔ محمود خان سوات کے علاقے مٹہ سے تعلق رکھتے ہیں جو اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت زیرک سیاستدان بھی ہیں۔
محمود خان

ای پیپر-دی نیشن