کراچی :10سالہ لڑکی، نوشہرہ میں کمسن لڑکا گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق
کراچی + نوشہرہ (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) قاتل ڈور 10 سالہ بچی کی جان لے گئی۔ طیبہ اپنے والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھی کہ گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گئی۔ پتنگ بازی کے شوق نے ایک معصوم کی جان لے لی ہے، غریب آباد انڈر پاس کے قریب دوسری جماعت کی طالبہ 10سالہ بچی والد کے ساتھ موٹرسائیکل پر سوار تھی، خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی۔ بچی کے والد کے مطابق بچی نے موٹر سائیکل پر سیر کرنے کی فرمائش کی تھی کاش میں آج بچی کی ضد پر انکار کر دیتا تو میری دنیا اجڑنے سے بچ جاتی۔ بچی کے والد نے حکومت سے پتنگ بازی کی روک تھام کےلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناءرسالپور میں بھی ڈور پھرنے سے بچہ جاں بحق ہو گیا۔ بچہ باپ کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔ باپ کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔
ڈور/ ہلاکتیں