• news

وینزویلا : نیشنل گارڈز کی تقریب میں صدر پر بارودی ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ‘ بچ گئے‘ سات اہلکار زخمی

کراکس(اے این این‘ آن لائن) وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو پر نیشنل گارڈز کی تقریب میں ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ کیا گیاتاہم وہ بال بال بچ گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں صدر نکولس میڈورو پر نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کے دوران بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے جس میں صدر میڈورو محفوظ رہے جب کہ نیشنل گارڈز کے 7 اہلکار زخمی ہو گئے۔وزیر اطلاعات کے مطابق ڈرون کے ذریعے دھماکہ اس وقت کیا گیا جب صدر میڈورو نیشنل گارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔صدر نکولس میڈورو نے حملے کے بعد ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک اڑتی ہوئی چیز میرے سامنے پھٹ گئی جس کا شروع میں انہوں نے سوچا کہ شاید تقریب میں کوئی خرابی ہو گئی ہے مگر پھر دوسرا دھماکہ ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ خدا، وینزویلا کے عوام اور فوج میری حفاظت کرے گی جبکہ حکومت کے خلاف پر تشدد کارروائیاں مسلسل ناکام ہوتی رہیں گی۔صدرکا کہنا تھا کہ حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور بعض ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مجھ پر قاتلانہ حملہ دائیں بازو کی سازش ہے اور ابتدائی تحقیقات میں اس کے ڈانڈے کو لمبیا سے ملتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور کولمبیا وینزویلا میں شرپسندی کی کوشش کررہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ حملے کی مالی معاونت کرنے والے اور کئی منصوبہ ساز فلوریڈا میں رہتے ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی ٹرمپ انتظامیہ اس کیس میں معاونت کرے گی۔ ڈرون میں سی فور دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا، تاہم دھماکہ خیز مواد سے بھرے کئی ڈرون ہدف پر پہنچنے میں ناکام رہے اور قریبی علاقوں میں گرے۔وزیر اطلاعات کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھرے کئی ڈرون صدر کے خطاب کے دوران دھماکے سے پھٹے۔ وینزویلا کے صدر نکولس میڈورو پر نیشنل گارڈز کی تقریب میں ہونے والے ڈرون حملوں کی ذمہ داری باغی گروپ نے قبول کرلی ہے ۔
وینزویلا‘حملہ

ای پیپر-دی نیشن