• news

مسلم لیگ ن‘ پیپلز پارٹی کا اجلاس‘ چیئرمین سینٹ کیخلاف عدم اعتماد‘ متفقہ صدارتی امیدوار پر غور

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا اسلام آباد میں مشترکہ اجلاس ہوا۔ لیگی وفد میں شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق، خواجہ آصف اور پی پی کی طرف سے خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف اور شیری رحمان شامل تھے۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی دونوں پارٹیوں کے وفود کے درمیان سپیکر ہاﺅس میں ملاقات ہوئی۔ اپوزیشن جماعتوں نے چیئرمین سینٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور کیا اور ستمبر میں صدر پاکستان کا الیکشن ملکر لڑنے، وزیراعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے الیکشن پر مشاورت کی گئی۔ قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد چیئرمین سینٹ کی تبدیلی پر فیصلہ ہو گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سینٹ میں اپوزیشن اتحاد کے 80فیصد ممبران ہیں شہبازشریف نے 48حلقوں پر عدالت جانے کی حکمت علمی سے آگاہ کیا۔ زاہد حامد کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی اور ٹاسک فورس پر مشاورت کی گئی۔ ن لیگ نے کہا کہ پی پی بھی دھاندلی کے ثبوت لیکر عدالت جائے۔ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہبازشریف نے پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس (آج) سوموار کو دوپہر پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں طلب کرلیا ہے۔ اجلاس کی صدارت میاں شہبازشریف کریں گے۔ اجلاس میں مرکز اور پنجاب میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ آل پارٹیز کانفرنس کے فیصلوں کے بارے میں بھی مجلس عاملہ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔سنٹرل پنجاب میں بدترین شکست کا مزا چکھنے والی پیپلزپارٹی کی اعلی قیادت کو بالآخر 12دن بعد ہوش آ گیا۔ 12 دن تک انتخابی نتائج کے صوبے کو برداشت کرنے کے بعد پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب نے اپنی شکست کی وجوہات پر غور کرنے کے لئے آج سنٹرل پنجاب کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کو طلب کر لیا ہے پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کا یہ اجلاس صدر قمرالزمان کائرہ کی صدارت میں ہو گا۔ اجلاس کے بعد قمرالزمان کائرہ اور چودھری منظور پریس بریفنگ دیں گے۔ یاد رہے کہ سنٹرل پنجاب میں صرف سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور چنیوٹ سے سید حسن مرتضی بالترتیب قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔ دونوں کی کامیابی میںان کی جماعت یا صوبائی قیادت کا عمل دخل نہیں بلکہ دونوں ذاتی کوششوں سے کامیاب ہوئے ہیں۔

پی پی/ مسلم لیگ (ن)

ای پیپر-دی نیشن