بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو دوسرا ٹی 20ہراکر سیریز برابرکردی
لاہور (سپورٹس ڈیسک) تمیم اقبال اور شکیب الحسن کی شاندار بلے بازی، مستفیض اور نظم الاسلام کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 12 رنز سے ہرا دیا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی، بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 171 رنز بنائے، تمیم اقبال نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، شکیب 60 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں کالی آندھی کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی، آندرے فلیچر اور رومان پاویل 43، 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، مستفیض اور نظم الاسلام نے 3، 3 اور شکیب نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، تمیم اقبال میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ لاڈرہل میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 171 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، تمیم اقبال 74، شکیب 60 رنز بنا کر نمایاں رہے، لٹن داس 1، مشفق 4، سومیا سرکار 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، محمود 13 اور عارف الحق 1 رن بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ایشلے نرس اور کیموپال نے 2، 2 اور آندرے رسل نے ایک وکٹ لی، جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 159 رنز تک محدود رہی، آندرے فلیچر اور روومان پاویل 43، 43، ایون لیوس 1، آندرے رسل 17، مارلون سیموئلز 10، دنیش رامدین 5، کپتان کارلوس بریتھویٹ 11، ایشلے نرس 16 اور کیموپال 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مستفیض الرحمان اور نظم الاسلام نے 3، 3 شکیب نے 2 اور روبیل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔