• news

غیر ملکی کوچ آنے سے ٹیم مضبوط ہوئی ، ایشین گیمز ہاکی جیت سکتے ہیں : محمد ثقلین

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم کے معاون کوچ محمد ثقلین نے کہا ہے کہ رواں ماہ ہونے والی ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم ٹائٹل جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑیوں کو اس بات کا احساس ہے کہ پاکستان کے پاس ایشین گیمز جیتنے کا سنہری موقع ہے جسے وہ کسی صورت ہاتھ سے نہیں جانا دینا چاہتے۔ خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کوچ کے آنے سے پاکستان کی سینئر ٹیم مضبوط ہوئی ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرائے جانے والے جی پی آر سسٹم کا بھی فائدہ ہوا ہے۔ ایسے سینئر کھلاڑیوں جن کی فزیکل فٹنس سوالیہ نشان تھی اس میں بھی بہتری آئی ہے۔ محمد ثقلین کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز جیت کر آٹھ سال بعد اولمپکس میں دوبارہ اپنی جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ ایشین گیمز میں پاکستان کا بھارت کے ساتھ سخت مقابلہ ہو سکتا ہے جس کی پوری تیاری کر رکھی ہے۔ یہ بات درست ہے کہ موجودہ وقت میں سینئر کھلاڑیوں کا کوئی بیک اپ نہیں ہے، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ چھ ماہ پہلے پاکستان ہاکی جس مقام پر تھی اور اب جس مقام پر ہے اس میں بہت زیادہ فرق ہے، جس کا تمام کریڈٹ غیر ملکی کوچ رولینٹ اولٹمینز کو جاتا ہے۔ ایشیا کی سطح پر ہماری ٹیم اب بھی بہت اچھی ہے، ایشین گیمز جیت کر ملک و قوم کو تحفہ دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن