پرویز خٹک وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی دوڑ سے باہر ہو گئے: ذرائع
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے میں نئے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لئے لابنگ جاری ہے، پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزخٹک وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے پارٹی قیادت کو وزیر اعلیٰ کے لئے محمود خان اور شاہ فرمان کے نام تجویز کر دئیے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے وزارت اعلیٰ کے لئے محمود خان کے نام پر رائے طلب کرلی، جبکہ تیمور سلیم جھگڑا اور عاطف خان کا نام بھی وزارت اعلیٰ کے لیے زیر غور ہیں۔ علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ کون ہوگا اس بات کا فیصلہ عمران خان ہی کریں گے۔ عمران خان کا فیصلہ سب کو قبول ہو گا، انہوں نے میرے بارے میں جو فیصلہ کیا قبول کروں گا، پارٹی میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ پہلے بھی ذمے داری خان صاحب نے دی تھی اب بھی وہی دیں گے۔
پرویز خٹک