عمران خان سے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ، بجم سیٹھی کیخلاف شکایات کے انبارلگائے
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ملاقات میں ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کے خلاف چارج شیٹ پیش کر دی۔ بورڈ چیئرمین کے خلاف شکایات میں اختیارات کے ناجائز استعمال، اقربا پروری اور میرٹ کو نظر انداز کرنا سب سے اہم نکات تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے ملنے والے وفد نے بتایا کہ نجم سیٹھی نے کرکٹ بورڈ میں اپنے من پسند افراد کو نوازا ہے وہ تمام افراد کسی نظام کے تحت کام کرنے کے بجائے اپنی مرضی سے کام کرتے ہیں۔ من پسند افراد کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ اور ترقیاں بھی دی گئی ہیں۔ وفد نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی کے صرف ٹی اے ڈی اے کی ہی ریکارڈ نکلوایا جائے تو کافی ہے۔نجم سیٹھی نے اپنی پوزیشن کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک نجی ٹی وی چینل کو بھی فائدہ پہنچایا۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کو بتایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے من پسند صحافیوں کو بھی مالی فائدہ پہنچایا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران نجم سیٹھی پر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا کیس مناسب انداز میں نہ لڑنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے بالخصوص بھارت کے ساتھ کرکٹ تعلقات پر نجم سیٹھی کے کردار کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ دریں اثناء بورڈ ترجمان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ سربراہ سے ملنے مختلف ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی ٹیمیں خراب کارکردگی کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہیں۔ فیصل آباد، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی اور اے جے کے ریجن کی ٹیمیں پاکستان کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں شرکت کی اہل نہیں ہیں۔بورڈ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے ملنے والے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور انکے ماتحت کرنیوالوں کی اکثریت کے خلاف ڈومیسٹک کرکٹ ڈیپارٹمنٹ میں اخراجات کی تفصیلات جمع نہ کروانے کی شکایات ہیں بعض کے خلاف کرپشن کی شکایات بورڈ کے پاس ہیں۔ عمران خان سے ملنے والے ایک کرکٹ منتظم پر کرپشن الزامات ثابت ہونے پر پابندی لگ چکی ہے۔ بورڈ ذرائع کے مطابق ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنز میں ہر سال سلیکشن میں من پسند پلیئرز کو مختلف ٹیموں میں شامل کرنے کی درجنوں شکایات موصول ہوتی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے قریبی دوست اور ٹیسٹ کرکٹر پی ٹی آئی کے سربراہ سے ان لوگوں کی ملاقاتیں کروا رہے ہیں۔ اس معاملے میں موجودہ سلیکشن کمیٹی کی اعلیٰ ترین شخصیت بھی انکی معاونت کر رہی ہیں۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے اس ملاقات میں عمران خان کو تصویر کا ایک رخ دکھا کر گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔پی ٹی آئی سربراہ نے کرکٹ کو نچلی سطح تک منظم کرنے کا عزم ظاہر کیا انہوں نے کہا کھیل کے معیار کو سکولوں کی سطح تک منظم کرنے کی ضرورت ہے۔