یونیک انٹر سکول ہاکی ٹورنامنٹ ڈی پی ایس کی ٹیم نے جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن اور یونیک گروپ آف انسٹیٹیوشن کے اشتراک سے ملک کے 71 ویں یوم آزادی انٹرسکول ہاکی ٹورنامنٹ ڈی پی ایس سکول ٹیم نے جیت لیا۔ فائنل میچ میں ڈویژنل پبلک سکول ٹیم نے کیمپس بوائز سکول ایچی سن کالج ٹیم کو پنلٹی شوٹ آوٹ پر چار دو سے شکست دی۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا تھا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے تین روزہ ٹورنامنٹ کے آخری روز ڈی پی ایس سکول ماڈل ٹاون اور کیمپس بوائز ہائی سکول ایچی سن کالج کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا جس کے ہاف ٹائم پر ڈی پی ایس سکول کو ایک گول کی برتری حاصل تھی۔ تاہم دوسرے ہاف میں کیمپس سکول کی جانب سے میچ کے 28 ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان شاندار میچ دیکھنے میں آیا۔ میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عامر جان، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ پی ایچ ایف اولمپئن نوید عالم تھے جن کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ پی ایچ ایف اولمپئن نوید عالم اور ڈائریکٹر یونیک گروپ آف انسٹییٹوشن جہانزیب انور ملک نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔