پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان احمد شہزاد فارغ
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ اور کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔پی سی بی نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں33 کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے ، جبکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کے ماہانہ معاوضوں میں 25 سے 30 فیصد اور میچ فیس میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔احمد شہزاد کو ڈراپ کردیا گیاہے۔ نئے معاہدے کے مطابق کھلاڑیوں کو آئندہ دو سے تین سالوں میںان مراعات کے علاوہ طے شدہ اینکریمنٹ بھی ملے گی۔ پی سی بی کی جانب سے سال 2018-19ء کے سینٹرل کنٹریکٹ میں نئی ’’ای‘‘ کیٹگری بھی متعارف کروائی گئی ہے جس میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جونیئر پلیئرز کو شامل کیا گیا ہے۔ چئیر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن ہارون رشید ، چیف سلیکٹر انضمام الحق ، اور ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی کی طرف سے بھجوائی جانے والی کھلاڑیوں کی فہرست کی منظوری دے دی۔ پی سی بی کی جانب سے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں چھ کھلاڑی شامل ہیں جن میں اظہرعلی، شعیب ملک، سرفراز احمد، یاسر شاہ، بابراعظم، محمد عامر، بی کیٹگری میں محمد حفیظ، فہیم اشرف، اسد شفیق، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان، سی کیٹگری میں محمد عباس، وہاب ریاض، جنید خان، حارث سہیل، امام الحق، محمد نواز، عثمان خان شنواری، شان مسعود، عماد وسیم، ڈی کیٹگری میں رومان رئیس، آصف علی، راحت علی، عثمان صلاح الدین، حسین طلعت اور ای کیٹگری میں بلال آصف، سعد علی، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، صاحبزادہ فرحان، عمید آصف، میر حمزہ شامل ہیں۔