• news

احد چیمہ کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم ، علیم خان پرسوں ، چودھری برادران 16 اگست کونیب طلب

لاہور+اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نامہ نگار) چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف جاری تحقیقات میں فوری طور پر احتساب عدالت کے روبرو سپلیمینٹری ریفرنس داخل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ لاہور پارکنگ کمپنی کے سابق سی ای اوحافظ نعمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کے اخراج کے لئے بھی عدالت سے فوری طور پر رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کا مسلسل دوسرے روز دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم نے لاہور بیورو میں زیر تفتیش کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں شامل کیسزجن میں فواد حسن فواد کیخلاف جاری پیرا گون سٹی کیس میں مبینہ کرپشن و اختیارات کے ناجائز استعمال پر انکوائری، سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کیخلاف جاری انویسٹی گیشن، آشیانہ اقبال کرپشن کیس میں جاری تحقیقات، صاف پانی کمپنی میں مبینہ مالی بدعنوانی پر انکوائری، لاہور پارکنگ کمپنی میں مبینہ بدعنوانی پر جاری انکوائری، پنجاب منرل کمپنی، ملزم ارشد وحید ،سی ای او، ارتھ ریسورس پرائیویٹ لمیٹیڈ ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، نندی پور پاور پلانٹ کیس، پیراگون سٹی انتظامیہ و ڈویلپرز کیخلاف جاری انکوائریوں پر جامع بریفنگ دی گئی اس کے علاوہ پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں گرفتار ملزم اکرام نوید کیخلاف تحقیقات، عبدالعلیم خان کے خلاف آف شور کمپنیز کے حوالے سے انکوائری، مونس الہی کے خلاف آف شور کمپنی کیس میں انکوائری اور چوہدری برادران کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے پر انکوائری، ایڈن ہاؤسنگ انتظامیہ کیخلاف انکوائری اور ایل ڈی اے سٹی کیس میں جاری تحقیقات پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے ہمارا کسی گروہ، پارٹی یا سیاستدان سے کسی قسم کا تعلق نہیں۔ کسی قسم کے دبائو اور سفارش کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تحقیقات جاری رہیں گی۔ مزید براں قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں تحریکِ انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو ایک بار پھر 10اگست کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا جبکہ ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کو بھی 16اگست کو طلب کر لیا۔ عبدالعلیم خان کو 8 اگست کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ مقررہ تاریخ سے پہلے ہی پیش ہو کر مانگا گیا ریکارڈ دے گئے تھے لیکن ذرائع کے مطابق نیب حکام اس سے مطمئن نہیں۔ نیب لاہور نے چودھری برادران کے اثاثہ جات کی تحقیقات بھی شروع کر رکھی ہیں۔ اے پی پی کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے نیشنل ہائوس بلڈنگ اور روڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن کی انتظامیہ و دیگر کے خلاف عوام کو بڑے پیمانے پر دھوکہ دینے کے الزام میں تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ مختلف شہروں سے ملزم میاں وسیم احمد کے خلاف درجنوں شکایات موصول ہوئیں۔ گوجرانوالہ، حیدرآباد، ڈیرہ غازی خان، لاہور، رحیم یار خان، پشاور، فیصل آباد اور آزاد کشمیر نیب کو موصول ہونے والی شکایات میں دعویٰ کیا گیا ہے شکایت کنندگان نے مختلف ہائوسنگ سکیموں بشمول نیشنل گارڈنز، ڈیفنس ویلی، نیشنل ٹائون، سرسید ٹائون، نیو اسلام آباد سٹی، ڈیفنس ایونیو میں پلاٹ خریدے جن کی تشہیر مشہور ٹی وی سٹار لکی علی نے کی جس کا اصل نام میاں وسیم احمد ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 24 سال گزرنے کے باوجود انہیں پلاٹوں کا قبضہ نہیں دیا گیا۔ شکایات کی تصدیق کے دوران یہ بات سامنے آئی ملزم میاں وسیم احمد مختلف ہائوسنگ سکیموں کی تشہیر کے ذریعے لوگوں کو دھوکہ دے رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا نیب لوٹی گئی تمام رقم کو برآمد کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہا ہے۔ عوام صرف حکومت کی منظور شدہ بینکنگ سٹی سسٹم میں شامل سرمایہ کار کمپنیوں میں سرمایہ کاری کریں۔

ای پیپر-دی نیشن