دیامر میں شرپسندی سے سی پیک پر منفی اثرات ہو رہے ہیں: جنرل ندیم
گلگت (نوائے وقت رپورٹ) کمانڈر ٹین کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ دیامر میں جاری شرپسندی کے باعث سی پیک منصوبے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ چلاس میں عوامی اجتماع سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ مقامی لوگوں کیلئے روزگار اور ترقی کے بہترین مواقع پیدا کرے گا۔ علاقے کے معززین کو بھی دیامر میں شرپسندی کو روکنے کے لئے کردار ادا کرنا چاہئے۔ عوام کے تعاون سے شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ شرپسند عناصر کو کسی قسم کی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔ سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہمارے عزائم پختہ ہیں اور اس سلسلے میں ہرممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کے ہمراہ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمود ملک اور آئی جی پولیس ثناء اللہ عباسی بھی موجود تھے۔ دوسری جانب دیامر میں سکولوں پر حملے کے واقعات کے بعد محکمہ داخلہ کے احکامات پر ضلع گلگت کے تمام تعلیمی اداروں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔