کراچی: نو کری سے نکالے جانے پر مسلح شخص نے 2 افراد یرغمال بنالئے، 5 گھنٹے بعد گرفتار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں فیکٹری سے نکالنے اور دو ماہ کی تنخواہ نہ دینے پر مسلح شخص نے 2 افراد کو یرغمال بنا لیا اور دھمکی دی کہ اگر کسی نے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو دھماکے سے خود کو اڑا دوں گا۔ بعد ازاں سلیم شہزاد نے رینجرز سے مذاکرات کے بعد 5 گھنٹے بعد گرفتاری دیدی۔ آرمی چیف اور چیف جسٹس کے سامنے بیان دینا چاہتا ہوں۔ سلیم شہزاد نامی شخص نے ویڈیو بھی جاری کی اس میں وہ کرسی پر بیٹھا ہوا ہے اور ہاتھ میں پسٹل پکڑا ہے اس نے کہا کہ تھیلے میں بارود موجود ہے۔ سلیم شہزاد نے کہا کہ دو ماہ کی تنخواہ نہیں ملی اور ساتھیوں نے بھی آواز نہیں اٹھائی دو ماہ قبل دوران ڈیوٹی زخمی ہوا اور ملازمت سے نکال دیا گیا۔ یرغمال افراد خیریت سے ہیں یرغمال افراد نے میری تنخواہ روکی ہوئی ہے، کیا مزدور طبقہ اس طرح ظلم برداشت کرتا رہے گا۔ ملک کا نظام ٹھیک نہیں چل رہا، جمہوریت ملک کو راس نہیں آئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری نے فیکٹری کو گھیرے میں لے لیا۔ ایس ایس پی ملیر نے سلیم شہزاد کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کے مسائل حل کراؤں گا۔ 2 افراد یرغمال ہیں۔ فیکٹری مالک نے سلیم کو نوکری سے نکالا تھا سلیم کے مطالبات کو منظور کروا لیں گے۔ گرفتاری کے بعد رینجرز نے ملزم کا اسلحہ تحویل میں لے لیا۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق سلیم سے ڈھائی گھنٹے مذاکرات کئے۔ رینجرز نے تعاون کیا۔ سلیم شہزاد کا ذہنی توازن خراب ہے اور اسے فیکٹری میں مالی نقصان کی وجہ سے نکالا گیا تھا۔ یرغمال دو ملازمین بحفاظت ہیں۔ سلیم کے پاس پستول تھا دھماکہ خیز مواد نہیں، قانونی کارروائی کریں گے۔