• news

آرمی چیف سے روسی نائب وزیردفاع کی ملاقات دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روس کے نائب وزیر دفاع نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور روسی نائب وزیر دفاع کی ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرہ دفاعی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی نائب وزیر دفاع نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ روس کے ڈپٹی وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر وی فومین نے نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں پاک بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی سے بھی ملاقات کی۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول ہیڈکوارٹر آمد کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے رشین فیڈریشن کے ڈپٹی منسٹر آف ڈیفنس کا استقبال کیا جبکہ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ رشین فیڈریشن کے ڈپٹی منسٹر آف ڈیفنس کی پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رشین فیڈریشن کے ڈپٹی منسٹر آف ڈیفنس نے میری ٹائم دہشت گردی اور بحری قزاقی کے خاتمے میں پاک بحریہ کے کردار کی تعریف کی۔ وزارت دفاع میں پاک روس مشترکہ فوجی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع قمرالحسن شاہ نے کی۔ روسی وفد کی قیادت نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومین نے کی۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ افغانستان اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی اداروں میں پاکستان کو تربیتی سہولیات کیلئے معاہدے پر دستخط ہوئے۔روسی نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فومین نے نگران وزیر دفاع نعیم خالد لودھی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن