پی ٹی آئی کا بی این پی کے 6 نکات سے اتفاق، شاہ زین نے عمران کی حمایت کر دی
اسلام آباد/ کراچی (نیوز ایجنسیاں+ وقائع نگار+ سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف اور بی این پی (مینگل) کے درمیان اگلے دو دن میں تحریری معاہدہ ہو جائے گا عمران خان بلوچستان ہائوس میں آکر اختر مینگل سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما معاہدے پر دستخط کریں گے۔ سینیٹر جہانزیب جمالدینی نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمارے چھ نکات تسلیم کر لئے ہیں اب صرف معاہدے پر دستخط باقی رہ گئے ہیں جو اگلے دو دن کے اندر ہو جائیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائوس میں تحریری معاہدہ کیا جائے گا اور عمران خان اس معاہدے پر دستخط کریں گے جبکہ اختر مینگل بی این پی کی طرف سے معاہدے پردستخط کریں گے۔ قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بلوچستان نیشنل پارٹی ( مینگل ) کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی جانب سے پیش کئے گئے چھ نکات پر اتفاق کر لیا۔ عمران خان اور اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہو چکا ہے اور جلد اسلام آباد پہنچتے ہی دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہو گی۔ علاوہ ازیں عمران خان سے سربراہ جمہوری وطن پارٹی شاہ زین بگٹی نے ملاقات کی اور اپنے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھے، عمران خان کی جانب سے تمام جائز مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات میں شاہ زین بگٹی نے اپنے مطالبات عمران خان کے سامنے رکھے۔ عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کریں گے، بلوچستان کو قومی دھارے میں لائیں گے۔ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم کیلئے عمران خان کی حمایت کریں گے، عمران خان سے بلوچستان کی صورتحال اور بگٹی قبائل کی بلوچستان میں واپسی پر بات چیت ہوئی۔ مزید برآں عام انتخابات میں رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے یونین کونسل کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ فردوس شمیم نقوی بلدیہ عظمی کراچی کی سٹی کونسل میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر تھے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لئے نومنتخب ایم پی ایز کو کل 9 اگست بنی گالہ طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ اور وزراء کی کارکردگی کو خود مانیٹر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مانیٹرنگ کمیٹی بنائیں گے جو انہیں 3ماہ بعد وزرا کی کارکردگی سے آگاہ کریگی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان نے خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ اور وزرا کیلئے پروبیشن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پارٹی رہنمائوں جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے عمران خان کو نمبرز گیم سے متعلق بریفنگ دی۔ ملاقات میں الیکشن کمشن کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔