• news

پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کوفروخت کرنے کا فیصلہ ،کاغذی کاروائی مکمل

لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کو فروخت کیا جارہا ہے،فرنچائزکو 52لاکھ ڈالرز میں خریدنے والی کمپنی نے پہلے سال میں ناکامی اور دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے، اکاونٹ ضبطی کے بعد اپنے شیئر لاہور کے ایک مشہور بلڈر کو فروخت کرنے کیلئے کاغذی کارروائی مکمل کر لی ہے۔اب فرنچائز کو نئے مالکان چلائیں گے۔پی سی بی افسر نے تصدیق کی کہ مالکان اپنے شیئرز گوہر اعجاز نامی بزنس مین کو فروخت کررہے ہیں تاہم ابھی اس گروپ کو شیئر فروخت کرنے کے لئے ہم سے باضابطہ رابطہ کرنا ہے اور اس کیلئے مروجہ طریقہ کار کے مطابق درخواست دینا ہے۔پی سی بی اور پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بھی تصدیق کی کہ شون گروپ اپنے شیئرز بیچنا چاہتا ہے اس سلسلے میں انہوں نے رابطہ کیا ہے لیکن اس بارے میں کارروائی سے قبل انہیں باضابطہ درخواست دینا ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ گورننگ کونسل کی گذشتہ ماہ لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں اس گروپ کا کوئی نمائندہ شریک نہیں تھا۔اجلاس میں گوہر اعجاز شریک ہوئے جبکہ کھلاڑیوں کی فیسوں کی ادائیگی کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کوان کی کمپنی کی جانب سے پیسے ادا کئے گئے۔پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے تاحال سکیورٹی جمع نہیں کرائی ہے ۔پی سی بی نے پہلے نوٹسز جاری کئے تھے جس کے بعد ملتان سلطانز کو ڈیفالٹر قرار دیدیا گیا ہے ۔ پشاور زلمی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ سکیورٹی جلد جمع کرائےاب دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ اس کیس کو پبلک پراسیکیوشن اور دبئی کورٹس میں لے جائیگا تاکہ تمام سرمایہ کاروں اور دیگر پارٹیوں کی ریکوری ہوسکے۔ ملتان سلطاننزنے پہلے ہی سال شعیب ملک کو اپنا کپتان مقرر کیا۔ وسیم اکرم،، ٹام موڈی جیسے بڑے نام اس کے کوچنگ سٹاف میں شامل تھے۔ ملتان سلطانز کو خریدنے کے لئے2017 میں41.6 ملین ڈالرز کی پیشکش کی گئی اور فرنچائز کو آٹھ سیزن کیلئے52 لاکھ ڈالرز میں خریدا گیا تھا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ملتان سلطانز کے واجب الادا کوئی رقم نہیں ہے۔ اگر طریقہ کار اختیار کیا جائے تو کوئی بھی فرنچائز مالک اپنے شیئرز فروخت کرسکتا ہے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ایک فرنچائز 5کروڑ روپے کی ڈیفالٹر تھی اس نے بالاخر پی سی بی کو پیسوں کی ادائیگی کردی۔ پاکستان سپر لیگ4 میں چھ ٹیمیں پشاور زلمی، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز شرکت کریں گی۔

ای پیپر-دی نیشن