دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمشن بنانا ہو گا‘ کامیاب احتجاج قوم کی آواز ہے : شہبازشریف
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان الائنس فار فری اینڈ فیئر الیکشن میں شامل جماعتوں کے کامیاب احتجاجی مظاہرے کو قوم کی آواز قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمشن بنانا ہی ہو گا تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ ان کی فلائٹ موسم کی خرابی کی وجہ سے اسلام آباد نہ جا سکی تاہم ان کی جماعت نے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن دھاندلی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کیلئے یکسو ہے۔ الائنس میں شامل تمام جماعتیں بھی واضح طور پر اس ہی موقف کی حامی ہیں۔ جو لوگ غلط فہمیاں پھیلانے کے خواہشمند ہیں وہ جان لیں کہ ’ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا‘۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ آج جمعرات کو نواز شریف، مریم نواز و دیگر کے ساتھ اڈیالہ جیل ملاقات کیلئے جائیں گے۔
شہباز شریف