اپوزیشن کا کمزور احتجاج دیکھ کر افسوس ہوا‘ نوازشریف ڈیل کرکے باہر جانا چاہتے ہیں: شیخ رشید
اسلام آباد(آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کمزور احتجاج دیکھ کر افسوس ہوا، سب جماعتیں صرف خانہ پری کیلئے حاضری لگوانے گئی تھیں، جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی غلط فہمی تھی کہ جیل جانے سے ووٹ ملیں گے وہ اب ڈیل کرکے باہر جانا چاہتے ہیں لیکن ابھی تک ان کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں۔ایک انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ڈیل کرکے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں لیکن اس بار کوئی این آر او نہیں ہو گا، نواز شریف کی ڈیل کےلئے اب تک کی تمام کوششیں ناکام ہوئی ہیں جبکہ شہبازشریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں وہ اپنے بھائی کو بھی ٹرک بتی کے پیچھے لگا کر رکھنا چاہتے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی ناراض نہیں کرنا چاہتے، شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کا احتجاج میں شامل نہ ہونا بھی حکمت عملی کا نتیجہ ہے چند روز تک پیپلزپارٹی بھی احتجاج والوں سے راستے جدا کرے گی اس کے بعد مولانا فضل الرحمان اور اے این پی سڑکوں پر رسوا ہوتے پھریں گے، لیکن پاکستانی قوم اب مزید بے وقوف نہیں بنے گی، ان کی اصلیت سامنے آ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان22سال تک محنت سے موجودہ مقام حاصل کیا ہے مجھے یقین ہے کہ وہ پنجاب کی وزارت اعلیٰ کےلئے ایسے شخص کا نام سامنے لائیں گے جو کارکردگی دکھا سکے۔
شیخ رشید