اب صرف کیس دیکھے جاتے ہیں‘ چہرے نہیں ہر شکایت پر کارروائی ضرور کی جائے : چیئرمین نیب
لاہور(سٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو کے چیئر مین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نیب لاہور کا تیسرے روز بھی دورہ کیا ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی جانب سے انہیں انتہائی اہم کیسز اور نیب لاہور کو موصول ہونے والی کرپشن کی شکایات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں شامل کیسز جن میں فیروز پور سٹی انتظامیہ کیخلاف عوام سے دھوکہ دہی اور فراڈ کے باعث خطیر رقوم سے محروم کرنے پر تحقیقات، سابق ایم این اے مدثر قیوم ناہرا اور ایم این اے اظہر قیوم ناہرا کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی اثاثہ جات کے حوالے سے جاری انکوائری، سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کیخلاف 55لوکو موٹوز کی خریداری میں مبینہ مالی بدعنوانی اور ریلو ے اراضی کی مبینہ غیر قانونی لیز کے علاوہ ریلوے سٹیشنز کی تزئین و آرائش کی مد میں مبینہ طور پر خطیر رقوم خرچ کرنے، سابق صوبائی وزیر سیف الملوک کھوکھر کیخلاف مبینہ غیر قانونی اثاثہ جات اور سابق ایم این اے ناصر اقبال بوسال کیخلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور مبینہ بے نامی جائیدادیں رکھنے ، سابق چیئرمین ای ٹی پی بی، صدیق الفاروق کیخلاف سرکاری اراضی کی مبینہ طور پر غیر قانونی لیز، سیکرٹری پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ، علی جان کیخلاف آمدن سے زائداثاثہ جات اور ہیلتھ پراجیکٹس میں مبینہ مالی بدعنوانی ، سابق چیف انجینئر، اسرار سعید کیخلاف ایل ڈی اے پراجیکٹس میں مبینہ مالی بدعنوانی، پنجاب پبلک سروس کمیشن کے خلاف مبینہ غیر قانونی تعیناتیوں، میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے افسران و اہلکاروں کیخلاف247کنال سرکاری اراضی کی مبینہ غیر قانونی فروخت،ایم این اے ریاض الحق کیخلاف اوکاڑہ میں مختلف ترقیاتی کاموں کی مد میں مبینہ مالی بدعنوانی، پنجاب پولیس کے سینئر افسران سابق سی سی پی او امین وینس، سابق ڈی آئی جی حیدر اشرف وغیرہ کیخلاف غیر قانونی اثاثہ جات، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں لیکچرز کی مبینہ طور پر غیر قانونی بھرتیوں ، ایل ڈی اے افسران کیخلاف فیروزپور روڈ تا ملتان روڈ دو رویہ سڑک کی کشادگی پراجیکٹ میں مبینہ مالی بدعنوانی ، سابق وزیر میاں منظور احمد وٹو کے خلاف بدعنوانی کی شکایات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ کے دوران چیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا تمام افسران زیر تفتیش کیسز کو 10ماہ کے دورانیہ میں مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کریں جس میں ملزموں کی فوری طلبی کو یقینی بنایا جائے ‘ انہیں ایم این اے اظہر قیوم ناہرا کی 10اگست کو نیب لاہور میں طلبی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔چیئر مین نیب نے کہا نیب میں اب صرف کیس دیکھے جاتے ہیں چہرے نہیں ہمارا فوکس بہتر سے بہترین کی جانب ہے۔ نیب افسران کو تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب افسران قانون کے مطابق اور آزادانہ کام کریں اورتمام کیسز کی تحقیقات جامع ہونی چاہئیںجبکہ اس دوران کسی گواہ یا شکایت کنندہ کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔ عام آدمی کی شکایت کے باقاعدہ ازالہ کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھائے جانے کے احکامات صادر کرتے ہوئے کہا نیب میں جمع کرائی گئی ہر شکایت پر نا صرف باقاعدہ کارروائی کی جائے بلکہ متاثرین کو ٹیلی فون کے ذریعے آگاہ بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا نیب کے تفتیشی افسران مجموعی طور پر نیب کی کارکردگی میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں انکی استعداد کار کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے نیب میں کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے نظام کے تحت کیسز کی تحقیقات کئے جانے کے عمل کو بھرپورسراہا۔
چیئرمین نیب