سرفراز احمد‘ محمد عامر کی نابینا کرکٹرز کے مقابلے میں 80 گنا زیادہ تنخواہ
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر)پی سی بی کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان کے بعد پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھی 17 کھلاڑیوں کیلئے ماہانہ اعزازیے کا اعلان کیا، سرفہرست کھلاڑی کو دی جانیوالی رقم قومی کپتان سرفراز احمد کی تنخواہ کا 1.5 فیصد ہے۔پی سی بی کی طرح پی بی سی سی نے بھی کھلاڑیوں کو 3 کیٹیگریز اے، بی اور سی میں تقسیم کیا ہے، کھلاڑیوں کو اگلے 6 ماہ جولائی سے دسمبر 2018ء تک ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ پی بی سی اور پی بی سی سی کی جانب سے کھلاڑیوں کیلئے مقرر کردہ ماہانہ رقم میں بہت بڑا فرق ہے۔پی سی بی کی اے کیٹیگری میں شامل پاکستانی کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ بائولر محمد عامر ماہانہ 8 لاکھ روپے وصول کریں گے جبکہ ان کے مقابلے میں پی بی سی سی کی اے کیٹیگری کا کھلاڑی صرف 12 ہزار روپے ماہانہ ادائیگی پر خدمات انجام دے گا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی بی اور سی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو بالترتیب 10 ہزار اور 9 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 2002ء اور 2006ء میں ملک کیلئے دوبار ورلڈ ٹائٹل جیت چکی ہیں، اس کے علاوہ 2 بار ٹیم رنر اپ رہی جبکہ بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ 2012ء اور 2017ء کے فائنل میں بھی ٹیم نے دوبار جگہ بنائی۔قومی کرکٹ ٹیم نے 1992ء میں ورلڈ کپ ٹائٹل پہلی بار حاصل کیا جبکہ 1999ء میں رنر اپ رہی، ٹی 20 ورلڈ کپ 2009ء میں جیتا اور 2007ء میں رنر اپ رہی تھی، گرین شرٹس سرفراز احمد کی قیادت میں 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی جیت چکی ہے۔