صدر غیر ملکی دورہ موخر کر دیں‘ پی ٹی آئی‘ قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو طلب....
اسلام آباد+ پشاور+ کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ ایجنسیاں+ بیورو رپورٹ) صدر ممنون حسین نے نئی قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس 13 اگست پیر کو طلب کرنے کی سفارش منظور کر لی۔ یہ سفارش نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے کی تھی، صدر سے درخواست کی گئی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا جائے تاکہ نو منتخب ارکان حلف اٹھا سکیں۔ 13 اگست کو اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے‘ وہ ایوان زیریں کے نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے۔ ارکان سے حلف لینے کے بعد سردار ایاز صادق رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔ ایوان کا سینئر رکن ان سے حلف لے گا۔ سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے سپیکر کا انتخاب ہوگا۔ بعد ازاں نو منتخب سپیکر کی نگرانی میں ڈپٹی سپیکر کا انتخاب ہو گا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد نو منتخب سپیکر کی طرف سے قائد ایوان (وزیر اعظم) کے انتخاب کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم کا انتخاب 15 اگست کو متوقع ہے کیونکہ اس کے لیے اجلاس برخاست کرنا ضروری ہے تاکہ امیدوار کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروا سکیں، اس کے لیے مناسب وقت کا متعین کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا اور خفیہ رائی شماری کی بنیاد پر وزیر اعظم کا انتخاب ہوگا۔ نگران حکومت نے آئندہ وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کے حوالے سے وزارت اطلاعات ونشریات کے ذیلی اداروں پاکستان ٹیلیویژن اورپاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں موجود سٹوڈیوزکو اپ گریڈ کرنے سمیت دیگر ممکنہ انتظامات کیلئے متعلقہ اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کردیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق نامزد وزیراعظم اپنے انتخاب اور کابینہ کی حلف برداری کے بعد اپنی حکومتی پالیسی کے حوالے سے قوم سے خطاب کرینگے جسے اندرون اور بیرون مملک براہ راست نشر کرنے کیلئے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے نیوز سٹوڈیوز کو اپ گریڈ کرنے کیلئے وزارت اطلاعات کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ سٹوڈیوز میں پاکستانی پرچم اور عقب میں قائداعظم محمد علی جناح کی تصاویر نصب کی جائیں گی۔ دوسری طرف فواد چوہدری کا کہنا ہے بی این پی (مینگل) کی حمایت کے بعد قومی اسمبلی میں نمبر 180 کو کراس کر گیا۔ 342 کے ایوان میں حتمی اکثریت کیلئے 172 ارکان کی حمایت درکار تھی۔ تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ ہم صدر مملکت ممنون حسین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایک دن کے لیے اپنا غیرملکی دورہ مو¿خر کردیں تاکہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا سکیں۔ جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ عمران خان جلداز جلد حلف اٹھائیں اور الیکشن کمشن کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر احتجاج کرنا ان کا جمہوری حق ہے ‘تاہم ہماری حکومت کوشش کرے گی کہ اقتدار میں آکر اپوزیشن کے ساتھ مل کر انتخابی اصلاحات کو یقینی بنائیں گے تاکہ آئندہ انتخابات میں سقم کی گنجائش کم ہو۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے متعلق اپوزیشن جماعت کی شکایت پر بھرپور قانونی مدد فراہم کریں گے تاہم حلقے کھلوانا اور دوبارہ گنتی کرانا الیکشن کمشن کا کام ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمشن کے قواعد بہت پرانے ہو چکے ہیں جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے بھی قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں حلف اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر خیبرپی کے اقبال ظفر جھگڑا نے کے پی کے اسمبلی کا اجلاس 13 اگست بروز پیر کو 10بجے طلب کرلیا ہے۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے نو منتخب ممبران حلف لیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق 13 اگست کو اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب بھی ہوگا۔ اجلاس میں نو منتخب سپیکر سے موجودہ سپیکر اسد قیصر حلف لیں گے۔ دریں اثناءبلوچستان عوامی پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں نے جام کمال خان کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کیلئے نامزد کر دیا۔ سابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کو متفقہ طور پر سپیکر کے عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اجلاس میں اے این پی، پی ٹی آئی، ایچ ڈی پی، جمہوری وطن پارٹی کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا مینڈیٹ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ حکومت میں آ کر بلوچستان کے مسائل حل کریں گے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کئے جانے کے بعد پارلیمنٹ ہا¶س کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا۔ اجلاس کے پہلے روز سکیورٹی کے خصوصی انتظامات ہوں گے۔ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد کی سکیورٹی کیلئے خصوصی پلان وضع کرلیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے اردگرد کے علاقے میں گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق سکیورٹی معاملات پر مشاورت کیلئے سیکرٹری قومی اسمبلی سے ایس ایس پی سکیورٹی اور سپیشل برانچ کے اعلی حکام نے ملاقات کی اور پارلیمنٹ ہاﺅس کی مختلف جگہوں کی سکیورٹی کے انتظامات اور متعلقہ اداروں سے معاونت کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ہوں گے۔
وزیراعلیٰ/ سپیکر/ نامزد