دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمشن بنایا جائے : شہبازشریف ‘ تیار ہیں : ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی +اپنے سٹا ف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے قوم سے دعا کیلئے کہا ہے۔ الیکشن سے پہلے اور بعد میں بھی نواز شریف سے نا انصافی ہوئی، یہ الیکشن دھاندلی زدہ ہیں۔ نواز شریف نے قوم کو سلام بھیجا ہے، فیصلے کے خلاف اپیل کرنا میاں نواز شریف کا قانونی اور آئینی حق ہے، نواز شریف ملک میں انتشار کی سیاست نہیں چاہتے، این آر اور نہ کوئی لینا نہ کوئی دینا چاہتا ہے۔ میں پوچھتا ہوں کیا مذاکرات کے بغیر بھی کبھی مسئلے حل ہوئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو اڈیالہ جیل میں میاں نواز شریف ، مریم نواز، کیپٹن صفدر ، حنیف عباسی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دھاندلی کی تحقیقات کیلئے پارلیمانی کمیشن کا مطالبہ کیا گیا ہے دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانا سب کا حق ہے تمام تر زیادتیوں کے باوجود پنجاب میں ن لیگ کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار جیتے تمام تر زیادتیوں کے باوجود اس الیکشن میںپنجاب میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ الیکشن سے تین دن پہلے ہمارے ایک امیدوار کو رات کے اندھیرے میں سزاء سنائی گئی ہمارے ہزاروں کارکنوں پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے آج لوگ جہازوں میں پیسے کے تھیلے لے کر پھر رہے ہیں ان لوگوں نے پیسے کے ذریعے منڈی لگائی ہوئی ہے۔ ہم پنجاب میں زیادتی کے باوجود بڑی پارٹی ہیں لیکن میں ارکان کے جوڑ توڑ کے اس کالے دھندے میں اپنا منہ کالا نہیں کر سکتا تھا ان لوگوں نے جہازوں پر سوار ہوکر پیسوں کے ذریعے منڈی لگائی ہوئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جشن آزادی کی خوشیاں ہمارے لئے اہم ہیں لیکن اس بار یوم آزادی کے ساتھ شفاف الیکشن کی خوشیاں نہیں ہیں اسمبلی میں حلف اسٹھانے کے بعد پہلا مطالبہ دھاندلی کی شفاف تحقیقات کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن دھاندلی شدہ تھے جیتنے اور ہارنے والے سب اپنی جگہ پریشان ہیں سوال یہ ہے کہ الیکشن کمشن میںآر ٹی ایس کیوں بند ہوا اب تو خودعدالت عظمیٰ نے بھی کہہ دیا ہے کہ الیکشن کمشن کا آر ٹی ایس سسٹم کس طرح خراب ہوا الیکشن کے موقع پر ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو نتائج دئے بغیر پولنگ سٹیشنوں سے نکال دیا گیا۔ عام انتخابات میں کیا ہو اسے جاننے کا مسلم لیگ ن سمیت سب کو حق ہے اپنے حق کیلئے قانونی اور سیاسی راستہ اختیار کریں گے۔ اپوزیشن نے پرامن انداز میں بھرپور احتجاج کیا۔ ووٹ کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی اس پر آواز اٹھانا ہم سب کا حق ہے۔ نواز شریف قوم کی خاطر وطن واپس آئے ہیں اور نواز شریف کی قید پاکستانی قوم کے لیے بہت بڑی قربانی ہے۔ انتخابات کے دھاندلی زدہ ہونے کی بات ہم ہی نہیں بلکہ غیر ملکی جرائد بھی کر رہے ہیں۔ 8 اگست کو اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس میں موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں پہنچ سکے تھے، اب چاہے کوئی بھی اس حوالے سے کچھ بھی کہے انہیں فرق نہیں پڑتا۔ یہ آخری احتجاج نہیں ہے بلکہ اس ضمن میں احتجاج مزید بھی ہوں گے۔ قومی اسمبلی میں کسی کو مبارکباد دینے نہیں جا رہے بلکہ دھاندلی کے معاملے کو اٹھایا جائے گا۔ پارلیمانی کمشن کو یہ ٹاسک دیا جائے گا جس میں تمام پارلیمانی جماعتیں اس بات کا کھوج لگائیں گی کہ انتخابات کی رات کو کیوں آر ٹی ایس کو کس طرح بند کرایا گیا۔ یہ وہ معاملات ہیں جن کے بارے میں جاننا عوام کا حق ہے اور جب تک حق استعمال ہو گا تو تب ہی ملک میں استحکام آئے گا جس کو ملک کی سخت ضرورت ہے۔ تحریک انصاف نے عام انتخابات 2018ء کے نتائج سے متعلق مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی پارلیمانی کمشن بنانے کی تجویز کی حمایت کر دی۔ متوقع حکمران جماعت نے واضح کیا ہے کہ کمشن بنانے پر کوئی حرج نہیں ہے تاہم عام انتخابات کے صاف شفاف انتخابات کے بارے میں پارلیمنٹ مؤثر قانون سازی کر چکا ہے، قوانین موجود ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پارلیمانی کمشن بنا لیں، ہمارا کیا اعتراض ہے؟ شہباز شریف کے مطالبے پر پارلیمانی کمشن بنانے پر تیار ہیں، تحقیقات کرانے کو تیار ہیں۔
شہباز شریف/ترجمان پی ٹی آئی