ایشین گیمز : پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے 6 رکنی ٹیم تشکیل دیدی
کراچی( سپورٹس رپورٹر) ایشیئن گیمزمیں شرکت کے لئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے چھ رکنی باکسنگ ٹیم کو حتمی شکل دے دی۔ باخبر ذرائع کے مطابق باکسنگ ٹیم قومی دستے کی روانگی کے بعد 20 اگست کولاہورسے جکارتہ روانہ ہوگی۔ذرائع کے مطابق فیڈریشن نے قومی کیمپ میں شریک باکسروں کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے 6 رکنی ٹیم کا سلیکشن کیا ہے۔ منتخب باکسروں میں محب اللہ (لائٹ فلائی)‘ سید محمد آصف (فلائی)‘ نقیب اللہ (بینٹم ویٹ)‘ تنویرا حمد (مڈل ویٹ)‘ سلیمان بلوچ (64 کلو گرام) اور گلزیب 69 کلو گرام شامل ہیں۔ سابق ایشیئن چیمپئن علی بخش بلوچ اور ارشد حسین ٹیم کوچ کی حیثیت سے جکارتہ جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے نامساعد حالات کے باوجوداپنے باکسروں کی تربیت جاری رکھی۔ اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں طویل 2 مہینے سے کیمپ جاری ہے۔ کیمپ میں ملک بھرسے 18 باکسروں کو تربیت کے لئے طلب کیاگیا تھا اورسخت تربیت اور اسپائرنگ کے بعد باکسنگ فیڈریشن نے باکسروں کی فٹنس اور صلاحیتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حسب بالا باکسروں کو جکارتہ جانے والی ٹیم کے لئے سلیکٹ کیا۔ واضح رہے کہ باکسنگ فیڈریشن نے ان گیمز میں مکمل 10 رکنی یا 8 رکنی رقم روانہ کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ تاہم اسپورٹس بورڈنے مالی مشکلات کی بناءپر صرف 6 باکسروں کی منظوری دی۔ اس طرح باکسنگ فیڈریشن نے ٹیم میں کٹوتی کرکے 6 باکسروں کا چناﺅ کیا۔ یہ ٹیم 20 اگست کو لاہور سے انڈونیشیا کے لئے روانہ ہوگی۔ دوسری جانب ویمنزکیٹیگری کے لئے صرف 2 باکسرز جکارتہ جائیں گے۔ گرلز ٹیم میں رضیہ بانو سندھ اور رخسانہ لاہور کا چناﺅکیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان پہلی بار ایشیئن گیمز کے گرلز (ویمن) باکسنگ میں شرکت کررہا ہے۔ اس سے قبل ساﺅتھ ایشیئن گیمز میں ملک کی تاریخ میں پہلی بارویمن باکسنگ ٹیم ایکشن میں آئی تھی۔