• news

عمران نذیر نے ساڑھے چار سال بعد کرکٹ میں واپسی کا اعلان کر دیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز عمران نذیر نے ساڑھے 4 سال کے وقفے کے بعد کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔ بیماری سے نجات کے بعد ٹریننگ شروع کر دی ہے، ان کاکہنا ہے کہ اولین ترجیح اپنی فٹنس اور فارم حاصل کرنا ہے جس کے بعد باقاعدہ کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کریں گے، ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فارم ثابت کر کے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی کوشش کروں گا،بیماری کے عرصہ میں پی سی بی ، شاہد آفریدی فاو¿نڈیشن ، اپنے چاہنے والوں اور فیملی کا مدد کرنے اور دعائیں مانگنے پر مشکور ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ گزشتہ روز اپنی کلب پی اینڈ ٹی جمخانہ میں ٹرینگ کا باقاعدہ آغاز کرنے کے موقع پر وہ میڈیا سے بات کر رہے ہیں۔ عمران نذیر نے کہا کہ انہیں جوڑوں کے درد کی وجہ سے کرکٹ سے دور ہونا پڑا تھا جو بڑا مشکل مرحلہ تھا۔ اس دور میں پی سی بی اور شاہد آفریدی فاو¿نڈیشن نے میری مدد کی اور میری واپسی کو ممکن بنایا جس پر ان کا مشکور ہوں، ان کا کہنا تھا کہ ان کی فیملی، کلب کے ساتھیوں اور چاہنے والوں نے انکی واپسی کے لئے دعائیں کیں جن کا مشکور ہوں۔عمران نذیر نے کہا کہ وہ مشکل وقت میں پریشان ضرور تھے تاہم مایوس نہیں ہوئے اور انہیں اللہ پر بھروسہ تھا کہ وہ ان کی واپسی ممکن بنائیںگے اور اب وہ ساڑھے چار سال بعد بلا پکڑ کر نیٹس میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میںبھی ٹریننگ کر رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وہ اپنی فٹنس اور فارم بحال کر لیں جس کے بعد وہ باقاعدہ کرکٹ کی طرف آ ئیں گے۔ عمران نذیر نے کہا کہ انہیں تمام لوگ ٹی ٹوئنٹی کا بہترین کھلاڑی گردانتے تھے اور اب بھی انکی کوشش ہو گی کہ وہ اپنی بحالی کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھر پور فارم دکھائیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھولیں۔ اس وقت کئی ایک لیگز کھیلی جا رہی ہیںاور پی ایس ایل بھی ہو رہی ہے جسے وہ بہت پسند کرتے ہیںتاہم ان میںکھیلنا ان کی فٹنس اور فارم پر منحصر ہو گا۔ ابھی وہ اپنی توجہ اپنے بحالی پروگرام پر دیں گے تاکہ کرکٹ میں واپسی کو ممکن بنا سکیں۔ انہوں نے آخری ڈومیسٹک میچ جنوری 2014ءمیں زرعی ترقیاتی بنک کی طرف سے کھیلا تھا ۔

ای پیپر-دی نیشن