• news

انٹرنیشنل باسکٹ بال کوچنگ کیمپ آج اختتام پذیر ہو جائے گا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن اور پیک سپورٹس پاکستان کے اشتراک سے لاہور میں جاری انٹرنیشنل باسکٹ بال کوچنگ کیمپ آج اختتام پذیر ہو جائے گا۔ کیمپ کے آخری روز صرف ایک سیشن میں جمعہ کے بعد کھلاڑی غیر ملکی کوچز سے تربیت حاصل کرینگے۔ اس موقع پر سپین کے خاویئر منوز اور خاویئر ورتوسی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چھ روزہ کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کی دلچسپی کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ پاکستان میں باسکٹ بال کا ٹیلنٹ موجود ہے اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اس کھیل میں ایشیا اور ورلڈ میں نام پیدا کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہماری میزبانی بہت اچھی کی گئی ہے جس پر پیک سپورٹس پاکستان اور پاکستان باسکٹ بال فیڈریشن کے مشکور ہیں۔ پیک سپورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ابوبکر سلیم کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان میں باسکٹ بال کھیل کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ہمارا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے۔ گا۔ گذشتہ سال بھی ہم نے پاکستان کے نوجوان بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کرنے کے لیے غیر ملکی کوچز کی خدمات حاصل کی تھیں۔ وہ کوچز سربیا سے آئے تھے جبکہ اس مرتبہ سپین سے تعلق رکھنے فیبا کوالیفائیڈ کوچز پاکستان آئے ہیں جس پر ہم ان کے مشکور بھی ہیں۔ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

ای پیپر-دی نیشن