ایشین گیمز میں شرکت ‘ پاکستانی دستے کی روانگی کا سلسلہ آج سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ایشین گیمز میں شرکت کے لیے پاکستانی دستے کی روانگی کا سلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ پہلے مرحلے میں ہینڈل بال، فٹبال کی ٹیمیں جکارتہ کی اڑان بھریں گی۔ فٹبال کی ٹیم اپنے خرچ پر تین سال بعد کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہورہی ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ہاکی کے کھلاڑی جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق گیمزکی رنگا رنگ افتتاحی تقریب اٹھارہ اگست کو جکارتہ میں ہو رہی ہے۔ پاکستان کا تین سو انسٹھ رکنی دستہ پینتس ایونٹس میں حصہ لے گا۔ ایشن گیمز میں پنتالیس ممالک کے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ چار سال پہلے ہونے والی گیمز میں پاکستان نے ایک گولڈ، ایک سلور اور دوبرانز میڈل جیتے تھے۔ ٹیموں کی روانگی کے حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ نے اپنے خرچ پر جن چوبیس ٹیموں کا فلائٹ شیڈول فائنل کیا ہے، اس کے مطابق ہینڈ بال اور ہاکی کے بعد سلینگ چودہ اگست جبکہ شوٹنگ کی ٹیم پندرہ اگست کو روانہ ہوگی۔ ٹائیکوانڈو، ووشو، سوئمنگ، کبڈی، روئنگ، والی بال،کبڈی، ریسلنگ، ٹینس، بیڈمنٹن کے کھلاڑی سترہ اگست کو جکارتہ پہنچیں گے۔ ویٹ لیفٹنگ ٹیم کا ٹکٹ اٹھارہ اگست کا بک ہے۔ اگلے روز آرچری اور بیس بال ٹیم کی فلائٹ رکھی گئی ہے۔ اکیس اگست کو گولف اورسکواش کے کھلاڑی گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جائیں گے۔ جوجٹسو بائیس اگست کو روانہ ہوگی۔کراٹے اور اتھلیٹکس کی ٹیمیں اگلے روز جکارتہ کے گیمز ویلج کی مہمان بنے گی۔ ٹیبل ٹینس کی چوبیس اگست کی بکنگ جبکہ سب سے آخر میں رگبی کی ٹیم اٹھائیس اگست کو جائے گی۔ آٹھ ٹیمیں فیڈریشن اور پی او اے کے خرچ پر جکارتہ جارہی ہیں۔