عمران خان کے حلقے میں انتخابی نتائج میں تاخیر سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی
کراچی (آ ئی این پی)وزارت عظمی کے امیدوار عمران خان کے حلقہ این اے 243 کراچی میں انتخابی نتائج میں تاخیر سے متعلق رپورٹ سامنے آگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق این اے 243 کے ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن کو رپورٹ ارسال کردی ہے، ریٹرننگ افسر نے بروقت انتخابی نتائج مرتب نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ رات دو بجے تک پولنگ سٹیشنز سے نہ عملہ پہنچا اور نہ انتخابی نتائج، جس کی وجہ سے رات دو بجے تک بھی پولنگ سٹیشنز کے نتائج نہیں تیار کرسکا، رات دو بجکر 23 منٹ پر صورتحال سے متعلقہ حکام کو بذریعہ ای میل اگاہ کیا۔ریٹرننگ افسر نے انتخابی نتائج کے ترسیلی نظام رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کو بھی ذمہ دار ٹہراتے ہوئے کہا کہ آر ٹی ایس کے غیرفعال ہونے کے سبب بھی نتائج نہیں مل سکے، رات دو بجے تک ہمیں پریذائیڈنگ افسران نے پولنگ سٹیشنز سے نتائج نہیں دئیے، پولنگ سٹیشنز سے نہ آر ٹی ایس اور نہ پریذائیڈنگ افسران سے نتائج ملے، پولنگ سٹیشنز کے مینوئل نتائج دوسرے روز علی الصبح الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں الیکشن کے نتائج تاخیر سے مرتب ہونے پر اپوزیشن نے دھاندلی کا الزام لگایا ہے اور احتجاج کیا جارہا ہے۔