نوازشریف‘ مریم‘ صفدر کو سزا کیخلاف سماعت کرنیوالا اسلام آباد ہائیکورٹ کا بنچ پھر تبدیل
اسلام آباد (وقائع نگار + آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) موسم گرما کی تعطیلات کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی احتساب عدالت سے سنائی گئی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کرنیوالا بنچ تبدیل کر دیا گیا۔ بنچ کے سربراہ جسٹس عامرفاروق موسم گرما کی تعطیلات کے باعث رخصت پر چلے گئے جس پر رجسٹرار آفس نے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا۔ عدالت عالیہ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب پر مشتمل ڈویژن بنچ پیر کو درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ اس سے قبل جسٹس محسن اختر کیانی بھی موسم گرما کی تعطیلات کے باعث رخصت پر چلے گئے تھے۔ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطلی کی درخواستوں کی سماعت کرنے والا یہ تیسرا بنچ ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو دستیابی کے باوجود اس مرتبہ بھی ڈویژن بنچ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی آئندہ عدالتی ہفتے میں سنگل بنچ میں مقدمات کی سماعت جاری رکھیں گے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق بنچ کی تبدیلی معمول کی بات ہے کیونکہ موسم گرما کی تعطیلات میں ججز کا روسٹر پہلے سے طے شدہ ہے، ججز کی تعطیلات کے باعث دستیاب ڈویژن بنچ ہی درخواستوں کی سماعت کر سکتا ہے۔ دوسری طرف سابق وزیر اعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزامعطلی کی درخواستوں میں ترمیم کیلئے متفرق درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر متفرق درخواست میں سزا معطلی کے ساتھ احتساب عدالت اور نیب کو فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔ کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایک سو چوہتر صفحات کے عدالتی فیصلے میں ان کے موکل کے خلاف صرف ایک لائن لکھی گئی جس میں سزا سنائی گئی ہے۔اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے موجود ہیں جن کے مطابق پانچ سال سے کم سزا پر معطلی کی درخواست منظور کی جاسکتی ہے۔ اس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ابھی میرٹس پر بات نہ کریں تو بہتر ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ