نیول چیف کا اگلے مورچوں کا دورہ‘ آپریشنل تیاری کا جائزہ
لاہور (خبر نگار) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شمال بندر میں قائم پاک بحریہ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات جوانوں کی آپریشنل تیاری کا جائزہ لیا۔ شمال بندر آمد پر کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل معظم الیاس نے چیف آف دی نیول سٹاف کا استقبال کیا۔ علاقے کی اسٹریٹیجک اہمیت اور ساحلی حصے کے دفاع کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور سمندری دفاع کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت چوکنا رہنے پر زور دیا۔ نیول چیف نے اس ساحلی بیس پر تعینات جوانوں سے ملاقات بھی کی اور ملک کی سمندری حدود کے دفاع کے لیے ان کے عزم اور بے لوث جذبے کو سراہا۔ انھوں نے جنرل الیکشن 2018 کے کامیاب انعقاد میں پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کی شرکت پر ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔