گستاخانہ خاکوں پر ڈچ سفیر ملک بدر‘ اپنا واپس بلایا جائے:خادم رضوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام جمعتہ المبارک کا خطبہ ملک بھر سمیت پوری دنیا میں تحفظ ناموس رسالتؐ پر پڑھایا گیا۔ علماء مشائخ وزونل ڈویژنل وضلعی ذمہ داران نے ناموس رسالت کا تحفظ عین ایمانی جزو قرار دیا۔ کراچی، حیدرآباد‘ ملتان، گجرات‘ فیصل آباد، جہلم‘ اولپنڈی‘ اسلام آباد‘ میرپور آزادکشمیر‘ چارسدہ‘ پشاور ودیگر شہروں کے بڑے اجتماعات میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی گئی اور حکومت پاکستان سے ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدر کرنے اور اپنے سفیر کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ سربراہ تحریک لبیک علامہ خادم حسین رضوی نے مرکز جامع رحمت اللعالمین ملتان روڈ لاہور میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہالینڈ کا گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنا دنیا کے کروڑوں مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے مطالبہ کیا۔ موجودہ حالات میں صلاح الدین ایوبی، نورالدین زنگی‘ شہاب الدین غوری‘ محمود غزنوی، شیرشاہ سوری ودیگر سالار ان اسلام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے رسول اللہؐ کی عزت وآبرو پر پہرہ دیتے ہوئے عالم کفر کو کھلا پیغام دیں اب بہت ہوچکا‘ اس قسم کی ناپاک جسارت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور نبی علیہ السلام کی عزت پر پہرہ دیتے ہوئے ہمیں جو بھی قیمت چکانا پڑی اسکے لئے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا مسلمان امن پسند ضرور ہیں لیکن جو غیرت نبوی ان کے سینوں میں موجزن ہے اس کا اندازہ ہالینڈ کے گستاخوں کو ہے اور نہ انکے حامیوں کو ہے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے مزید کہا مسلمان ناموس رسالت کی عزت وآبرو پر پہرہ دینے کے لئے ہر وقت ہر لمحہ تیار رہیں۔ اگر امت ناموس رسالت کے معاملہ پر تساہل پسندی کاشکار ہوگئی تو اسے ہرگز زندہ رہنے کا حق صرف اس وقت تک سے جب تک ہم رسول اللہ کی عزت وآبرو کے محافظ اور چوکیدار ہیں۔